ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب نے احمد پور شرقیہ میں وین میں ایل پی جی دھماکے میں زخمی ہونے والی طالبات کی عیادت کی

جمعرات 3 جولائی 2025 16:53

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے احمدپور شرقیہ میں وین میں ایل پی جی دھماکے میں زخمی ہونے والی طالبات کی عیادت کے لئے برن یونٹ ملتان کا دورہ کیا۔انہوں نے طالبات کی خیریت دریافت کی اور ان سے علاج معالجہ کی سہولیات بارےاستفسار کیا۔پروفیسر ڈاکٹر اعجاز حسین شاہ نے انہیں بریفنگ دی۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری فواد ہاشم ربانی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایل پی جی سلنڈر دھماکے کو انتہائی افسوسناک واقعہ قرار دیا اور کہا کہ حکومت جاں بحق اور زخمی طالبات کے والدین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کمرشل گاڑیوں میں ایل پی جی سلنڈر کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہے۔

(جاری ہے)

تمام اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایل پی جی سلنڈر پر چلنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاون شروع کر دیا گیا ہے۔

فواد ہاشم ربانی نے بتایا کہ گاڑیوں کو تھانوں میں بند کرنے اور جرمانوں کے باوجود کمرشل گاڑیوں میں ایل پی جی سلنڈر سلنڈر کے استعمال کئے جاتے ہیں جو کہ مسافروں کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاڑیوں میں ایل پی جی سلنڈر کا استعمال روکنے کے لئے موثر حکمت عملی کی ضرورت ہے جس کے لئے حکومت پنجاب کو تجاویز پر مبنی سمری جلد ارسال کی جائے گی۔