ضلع قصور کے 19 کامیاب کاشتکاروں میں حکومت پنجاب کی طرف سے فری ٹریکٹر تقسیم کرنے کے لیے ایک تقریب کا انعقاد

جمعرات 3 جولائی 2025 16:55

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر قصور عمران علی کے زیر نگرانی ضلع قصور کے 19 کامیاب کاشتکاروں میں حکومت پنجاب کی طرف سے فری ٹریکٹر تقسیم کرنے کے لیے ایک تقریب کا انعقاد ضلع کونسل ہال قصور میں کیا گیا ۔ ممبر صوبائی اسمبلی /چیئرمین وزیراعلیٰ ضلعی مانیٹرنگ کمیٹی حاجی محمد نعیم صفدر انصاری نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ ایم پی اے احسن رضا ، اے ڈی سی جی سلمون ایوب ،ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع توسیع ظہور الحسن اور کاشتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے گندم اُگاؤ پروگرام کے تحت جو کاشتکار ساڑھے بارہ ایکڑ میں سب سے زیادہ گندم کاشت کرے گا اس کو انعام دیا جانا تھا ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ظہور الحسن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال اس پروگرام کے تحت 3لاکھ 45 ایکڑ پر گندم کاشت کی گئی جن کاشت کاروں نے 70 من فی ایکڑ گندم کا پیداواری ہدف حاصل کیا ان میں سے پہلے نمبر پر آنے والے کاشت کار بھائی کو حکومت پنجاب کی جانب سے NH 4805 فری ٹریکٹر اور دوسرے نمبر پر آنے والے کو 10لاکھ روپے دینے کا اعلان کیاگیا تھا۔

(جاری ہے)

حکومت پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر کے لیے 1ہزار ٹریکٹرز جبکہ ضلع قصور کے لیے 21ٹریکٹرز خوش نصیب کاشت کاروں میں تقسیم کرنے کے لیے منظور کیے گئےجن میں سے 19 ٹریکٹرز موصول ہونے پر تقریب کا انعقاد کیا گیاہے۔ قصور ضلع بھر سے ساڑھے بارہ یکڑ پر گندم کاشت کرنے والے کاشتکاروں نے آن لائن اپلائی کیا جن میں سے 21کامیاب خوش نصیب کسان بذریعہ قرعہ اندازی کامیاب قرار پائے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ ایک ٹریکٹر کی مالیت 24 لاکھ 28 ہزار روپے ہے جو حکومت پنجاب کی جانب سے کسانوں کو بالکل مفت دیا جارہا ہے۔ تقریب میں ٹریکٹر ڈیلر نے گرین ٹریکٹر کی ڈیلیوری سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی حاجی محمدنعیم صفدر انصاری نے کہاکہ حکومت پنجاب کی طرف سے زراعت کے شعبے میں کاشتکار بھائیوں کو دی جانے والی بہت ساری مراعات کا ذکر کیا اور بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زراعت کے شعبے میں دلچسپی رکھنا اور اس کو ترقی دینے کے لیے بہت سارے اقدامات لائق تحسین ہیں ۔تقریب کے اختام پر تمام کامیاب کاشتکاروں کو اونر شپ سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے اور ٹریکٹر کی چابیاں بھی کاشتکار بھائیوں کے حوالے کی گئیں ۔\378