خانیوال ،زیادہ گندم اگاؤ کے تحت 30خوش قسمت کاشتکاروں میں مفت گرین ٹریکٹر تقسیم

جمعرات 3 جولائی 2025 18:01

خانیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے گندم اگاؤ پروگرام کے تحت خانیوال کےکسانوں میں گرین ٹریکٹرز تقسیم کئے گئے۔خانیوال کے قرعہ اندازی میں کامیاب30کاشت کاروں میں ٹریکٹرز تقسیم کرنیکی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سلمیٰ سلیمان،ارکان اسمبلی رانا سلیم حنیف،چوہدری ضیاء الرحمن، اسامہ فضل چوہدری،اے ڈی سی جی غلام مصطفیٰ سیہڑ نے خصوصی شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سلمیٰ سلمان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کا زراعت پر خصوصی فوکس ہے،میں قرعہ اندازی میں کامیاب کاشتکاروں کو مبارک باد دیتی ہوں۔پارلیمانی سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس پنجاب رانا سلیم حنیف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے گرین ٹریکٹرز پروگرام زراعت کی ترقی کیلئے ایک اہم قدم ہے،صوبہ بھر کے کاشت کاروں میں ٹریکٹرز کی قرعہ اندازی میرٹ اور شفافیت سے کی گئی ہے،بلاتفریق اور تعصب سے بالاتر ہوکر عوامی خدمت کو یقینی بنا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

قرضوں کی ادائیگی کے بعد ملک میں خوشحالی کا دور دورہ ہوگا۔ اس موقع پر ایم پی اے چوہدری اسامہ فضل نے کہا کہ گرین ٹریکٹر پروگرام کے تحت30 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی،کسانوں کی مشکلات کا ادراک ہے،انکےمفادات کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھا رہے ہیں،کاشتکاروں کا معیار زندگی بلند اور فصلوں کی بہتر پیداوار ہماری ترجیح ہے،ایم پی اے چوہدری ضیاء الرحمن نے کہا کہ کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔

کسان کارڈ،گرین ٹریکٹر،سولر ٹیوب ویل سمیت دیگر سکیمیں کسان دوست پالیسی کا مظہر ہیں۔ڈائریکٹر زراعت شہزاد صابر نے کہا کہ گرین ٹریکٹرز کی قرعہ اندازی سے فراہمی تک کے تمام مراحل میں شفافیت کو ترجیح دی گئی ہے،خانیوال ضلع میں گرین ٹریکٹرز کیلئے 748کاشت کاروں نے درخواستیں دی تھیں،ساڑھے12ایکٹر رقبہ پر گندم کاشت کرنیوالے کسان گرین ٹریکٹرز کے حقدار قرار پائے ہیں۔اس موقع پر کاشت کاروں نے مفت ٹریکٹرز ملنے پر وزیراعلی مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔تقریب میں کاشتکاروں کو گرین ٹریکٹرز کی چابیاں بھی دی گئیں۔تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت مہر محمد اقبال، حافظ شاہد جاوید،ڈاکٹر خالد محمود،ڈاکٹر قیصر عباس،حافظ محمد سلیم بھی موجود تھے۔\378