اداکارہ فضاء علی کی بات سے نہ ناراض ہوں اور نہ ان کی بات کا برا لگا، سہیل وڑائچ

ہر کسی کی اپنی ذاتی رائے ہوتی ہے جیسے اگر وہ خود کسی پر تنقید کریں گے تو ان کی مرضی ہوگی اسی طرح فضا علی کی بھی اپنی رائے اور مرضی تھی، معروف صحافی ومیزبان کی گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 3 جولائی 2025 17:10

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03جولائی 2025)معروف صحافی و میزبان سہیل وڑائچ کا کہنا ہے کہ اداکارہ فضاء علی کی بات سے نہ ناراض ہوں اور نہ ہی انہیں ان کی بات کا برالگا، صبا قمر کی جانب سے ان کے ڈمی اینکر سے بنائی گئی ویڈیوز پر بھی برا نہیں لگا، ہر کسی کی اپنی ذائی رائے ہوتی ہے جیسے اگر وہ خود کسی پر تنقید کریں گے تو ان کی مرضی ہوگی، جی ٹی وی کو انٹرویودیتے ہوئے صحافی سہیل وڑائچ نے کہا کہ اسی طرح اداکارہ فضا علی کی بھی اپنی رائے اور مرضی تھی ان کی بات پر انہیں برا نہیں لگا۔

اگر انہیں موقع ملا تو وہ فضا علی کا انٹرویو ضرور کریں گے ان سے معافی مانگیں گے اور ان کی منت سماجت کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ان سے کوئی غلطی ہوگئی ہے تو وہ فضا علی سے معافی مانگیں گے جب کہ انہیں اداکارہ کی کسی بات پر غصہ نہیں آیا۔

(جاری ہے)

گفتگو کے دوران سہیل وڑائچ کایہ بھی کہنا تھا کہ ان کی نقل کرنے والے افراد بڑی محنت کرکے ان کی نقل اتارتے ہیں ان پر ناراض ہونے کے بجائے انہیں ان کی محنت پر داد دی جانی چاہیے۔

سہیل وڑائچ کے مطابق وہ خود پر بنی میمز دیکھ کر بھی محظوظ ہوتے رہتے ہیں، انہیں کسی بھی میمز پر برا نہیں لگتا۔ سہیل وڑائچ نے گفتگوکے دوران واضح کیا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر ٹی وی پروگرام کے دوران فضا علی کی جانب سے کی گئی بات پر انہیں برا نہیں لگا، نہ وہ اداکارہ سے ناراض ہیں۔ سہیل وڑائچ نے انٹرویو میں یہ بھی بتایا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کے ساتھ انہوں نے صحافت بھی کی ہے اور دونوں اچھے دوست رہے ہیں لیکن اب ان کے درمیان دوستی نہیں رہی۔

محسن نقوی چوں کہ بڑے عہدے پر فائز ہوچکے ہیں اور ان کے پاس طاقت و اختیارات آگئے ہیں تو اب وہ ان کے مشورے بھی نہیں مانتے۔ خیال رہے کہ چند روزقبل ٹی وی ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ فضا علی نے سہیل وڑائچ کا متبادل پیشہ بیان کیا تھاان کا کہنا تھا کہ سہیل وڑائچ اگر وہ صحافی نہ ہوتے تو کسی بھی بیرون ملک کے بڑے ریسٹورنٹ کے واش روم سوئیپر ہوتے۔

فضا علی کا یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، جس کے بعد انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ بتایا گیا تھا کہ اداکارہ فضا علی نے حال ہی میں دنیا نیوز کے پروگرام آن دا فرنٹ میں شرکت کی تھی جہاں میزبان کامران شاہد کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے پروگرام میں موجود شخصیات کے متبادل پیشے کاتفریحی انداز میں ذکر کیا تھا۔

انہو ں نے کہا تھا کہ اگر سہیل وڑائچ صحافی نہ ہوتے تو کسی مشہور ہوٹل یا ریسٹورنٹ میں واش روم صاف کر رہے ہوتے کیونکہ وہ ہر عورت کے واش روم میں چلے جاتے تھے۔اداکارہ نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی مجیب الرحمٰن شامی کے بارے میں بھی کہا تھا کہ اگر وہ صحافت میں نہ ہوتے تو شیف (باورچی) ہوتے کیونکہ وہ گفتگو میں نمک مرچ خوب ڈالتے تھے۔اسی طرح فضاء علی نے تجزیہ کار ارشاد بھٹی کے بارے میں کہا تھاکہ اگر وہ صحافی نہ ہوتے تو درزی ہوتے کیونکہ نہ جانے کیوں پروگرام میں اتنی تنگ قمیض پہن کر آتے تھے۔لگتا ہے جیسے اپنے بچے کی قمیض پہن لی ہو۔