شافع حسین کا حافظ آباد کا دورہ،عشرہ محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا،جلوس کے روٹ کا بھی معائنہ

عشرہ محرم الحرام کے دوران قیام امن اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جارہی،صوبائی وزیر صنعت و تجارت امن کے فروغ اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کیلئے امن کمیٹیوں کا کلیدی کردار، ہر ایک کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہے،چوہدری شافع حسین ضلعی امن کمیٹی حافظ آباد کا عشرہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی ودیگر انتظامات پر مکمل اظہار اطمینان،شاندار انتظامات پر پنجاب حکومت سے اظہار تشکر

جمعرات 3 جولائی 2025 18:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء)عشرہ محرم الحرام کے دوران امن اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کیلئے پنجاب کابینہ کے اراکین فیلڈ میں متحرک ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے حافظ آباد کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔امن کمیٹی کے ممبران نے سیکورٹی اور دیگر انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔

صوبائی وزیر نے امن وامان کے حوالے سے بھی اجلاس کی صدارت کی۔کمشنر گوجرانولہ سید نوید حیدر شیرازی،آر پی او طیب حفیظ چیمہ،ڈپٹی کمشنر،ڈی پی او حافظ آباد اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ مسلم لیگی رہنما سائرہ افضل تارڑ نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامی اور پولیس افسران نے سیکورٹی ودیگر انتظامات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران امن کی فضا برقرار رکھنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔وزیر اعلیٰ پنجاب تمام سیکورٹی اور دیگر انتظامات کی خود مانیٹرنگ کر رہی ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ قیام امن اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے میں امن کمیٹیوں کا کلیدی کردار ہے عشرہ محرم الحرام کے دوران امن کی فضا برقرار رکھنے میں ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ مجالس اورماتمی جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔عزاداروں کو مکمل تحفظ اور بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ اسلام امن اور سلامتی کا مذہب ہے جس میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں۔امن کے دشمنوں اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے سیکیورٹی ادارے پوری طرح چوکس ہوکر اپنے فرائض سر انجام دیں۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ محکمہ اوقاف کی زمینوں پر ناجائز قبضوں کے خاتمے کے لئے لائحہ عمل بنالیا ہے محکمہ اوقاف کی زمینوں پر ناجائز قبضے ختم کراکے عوام کے فلاحی منصوبوں کے لئے استعمال میں لایا جائے گا۔ محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام مساجد اور مزارات کی تزئین و آرائش کیلئے حکومت نے فنڈز کی منظوری دے دی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے ماتمی جلوس کے روٹ کا معائنہ کیا۔مختلف امام بارگاہوں کادورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔شیعیہ کمیونٹی کے رہنمائوں اور جلوسوں کے لائسنس ہولڈر ز سے بھی ملاقات کی۔کمشن،آرپی او،ضلعی انتظامی اور پولیس افسران اور مسلم لیگی رہنما سائرہ افضل تارڑ بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھیں۔