کمشنر ملتان ڈویژن کا انتظامی امور و ریکارڈ کا جائزہ لینے کے لئے نشتر ہسپتال ایمرجنسی کا دورہ

جمعرات 3 جولائی 2025 19:18

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے نشتر ہسپتال کی ایمرجنسی کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایمرجنسی میں موجود فارمیسی کا تفصیلی معائنہ کیا اور وہاں کے انتظامی امور و ریکارڈ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے فارمیسی رجسٹر یشن کا ریکارڈ نامکمل ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ بروقت ادویات کا اندراج نہ ہونے کی وجہ سے ادویات کی کھپت کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت دی کہ ڈسپلے پر موجود تمام ادویات کا مکمل سٹاک فارمیسی میں ہر وقت موجود ہونا چاہیے تاکہ مریضوں کو کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔انہوں نے ہسپتال کے ایم ایس سے فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب شہریوں کو معیاری طبی سہولیات تک سہل رسائی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مریضوں کو ادویات کی بروقت فراہمی وزیراعلیٰ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس موقع پر کمشنر نے ایمرجنسی وارڈ میں داخل مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے مریضوں کی شکایات اور تجاویز کو بغور سنا اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔