عارضی بحالی کے بعد پاکستانی فنکاروں کے اکاؤنٹس بھارت میں ایک بار پھر بلاک

جمعرات 3 جولائی 2025 23:24

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء)عارضی تکنیکی خرابی کے باعث چند گھنٹوں کے لیے بھارتی صارفین کو پاکستانی فنکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس تک رسائی حاصل ہوئی، تاہم بھارتی حکام نے وضاحت کی کہ اکاؤنٹس کی بحالی غیر ارادی تھی اور اب انہیں دوبارہ بلاک کر دیا گیا ہے۔انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق، پاکستانی فنکاروں ماورا حسین، احد رضا میر اور صبا قمر کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھارت میں ایک بار پھر بلاک کر دیے گئے۔

ان کے انسٹاگرام اور ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹس کھولنے پر بھارتی صارفین کو یہ پیغام موصول ہو رہا ہے کہ یہ اکاؤنٹ بھارت میں دستیاب نہیں، یہ قانونی درخواست پر عمل درآمد کے نتیجے میں محدود کیا گیا ہے۔حکومتی ذرائع نے میڈیا پورٹل کو بتایا کہ گزشتہ روز پاکستانی فنکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی بحالی دانستہ نہیں تھی، بلکہ یہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

ایک سرکاری اہلکار کے مطابق اگر آپ کو ایکس، یوٹیوب اور میٹا (فیس بک/انسٹاگرام) پر کچھ اکاؤنٹس نظر آ رہے ہیں، تو وہ چند گھنٹوں میں دوبارہ بند ہو جائیں گے، یہ اکاؤنٹس ایک تکنیکی مسئلے کی وجہ سے وقتی طور پر فعال ہو گئے تھے، جسے اب درست کر لیا گیا ہے۔گزشتہ روز جب ان فنکاروں کے اکاؤنٹس بحال ہوئے تھے، تو ایسا محسوس ہوا تھا جیسے بھارت نے پاکستانی فنکاروں اور تفریحی مواد پر عائد ڈیجیٹل پابندیوں میں نرمی کر دی ہے۔