واسا ملتان کا عاشورہ کے خصوصی پلان پر عملدرآمد جاری ، افسران اور آپریشنل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ

جمعرات 3 جولائی 2025 20:30

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ملتان خالد رضا خان کی ہدایت پر عاشورہ کے خصوصی پلان پر عملدرآمد تیزی سے جاری ہے،اس ضمن میں تمام سیوریج ،واٹر سپلائی اور ڈسپوزل اسٹیشن کے افسران اور آپریشنل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا خالد رضا خان شہر بھر کے جلوس روٹس پر انتظامات کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں ۔

انہوں نے گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ کر کے جلوس روٹس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے شاہ شمس تبریز ، علی چوک ،دولت گیٹ،دہلی گیٹ،خونی برج، پاک گیٹ ،حرم گیٹ سمیت تمام سر کلر روڈ، شاہ گردیز،ممتاز آباد ،سورج میانی سمیت دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔ان کے ہمران ڈائریکٹر ورکس عارف عباس ،ڈپٹی ڈائریکٹر سیوریج حافظ محمد وقاص، رانا محمد اکرام ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد جعفر بھی تھے۔

(جاری ہے)

اس دوران انہوں نے لائسنس داران اور عزاداران سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو نکاسی آب کی سہولت کی فراہمی،جلوس روٹس پر گٹروں کے ڈھکنوں کی مرمت،سیوریج سسٹم کے اوور فلو کے خاتمے اور لائنوں کی صفائی کے لیے آپریشن دن رات جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ تمام سیوریج سب ڈویژنوں کی سطح پر ٹیمیں شیڈول کے مطابق ڈی سلٹنگ، شکایات کا فوری ازالہ کرنے میں سرگرم ہیں ۔

بدھ کی شب اور جمعرات کے روز شہر کے مختلف علاقوں میں ٹیموں نے مشینری کے ہمراہ جلوس روٹس،امام بارگاہوں کے اطراف سیوریج لائنوں کی بھرپور صفائی اور شکایت کا ازالہ کیا اور جلوس روٹس پر درجنوں مین ہولز کی مرمت بھی کی ۔سیوریج سب ڈویژنوں کی جانب سے ایم ڈی واسا کو اپنی اپنی حدود میں جاری ڈی سلٹنگ مہم کے حوالے سے کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی۔