سستی بجلی کی فراہمی کیلئے ایس ٹی ڈی سی اہم کردار ادا کررہی ہے،صوبائی وزیر توانائی

جمعرات 3 جولائی 2025 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) صوبائی وزیر توانائی، ترقی و منصوبہ بندی سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سستی بجلی کی فراہمی کیلئے ایس ٹی ڈی سی اہم کردار ادا کررہی ہے اور ان منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف عام صارفین کو ریلیف ملے گا بلکہ صنعتی اداروں کو بھی فائدہ ہوگا۔جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (ایس ٹی ڈی سی)کے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جس میں توانائی کے شعبے سے متعلق اہم منصوبوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔

ایس ٹی ڈی سی کے سی ای او سلیم شیخ نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے جاری منصوبوں کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔اجلاس میں وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ صنعتی علاقوں میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے ایس ٹی ڈی سی مختلف منصوبوں پر کام کررہی ہے، جس سے صنعتکاروں کو ریلیف ملے گا اور معیشت کو استحکام ملے گا۔

(جاری ہے)

ناصر حسین شاہ نے اجلاس میں بتایا کہ کے فور واٹر پراجیکٹ میں بجلی کی فراہمی کے حوالے سے ایس ٹی ڈی سی واٹر کارپوریشن کے ساتھ مل کر ذمہ داریاں ادا کرے گی جبکہ کے فور منصوبے کے تحت گرڈ اور ٹرانسمیشن لائن جون 2026تک مکمل کرلی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ نوری آباد پاور پلانٹ سے 100میگاواٹ بجلی کی ترسیل 24 گھنٹے جاری ہے اور ایس ٹی ڈی سی کے فور کی ٹرانسمیشن لائن کے ذریعہ کے الیکٹرک کو بھی چوبیس گھنٹے بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ نوری آباد ٹرانسمیشن لائن کی کارکردگی کو بھی وزیر توانائی نے تسلی بخش قرار دیاہے۔اجلاس میں سیکرٹری توانائی مشتاق سومرو، ایس ٹی ڈی سی کے سی ای او سلیم شیخ، عمر نواز شیخ، سجاد جونیجو، طارق سعید سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

علاوہ ازیں اجلاس میں ایس ٹی ڈی سی کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی بھی منظوری دی گئی۔ وزیر توانائی نے ہدایت دی کہ حکومت سندھ کی پالیسی کے مطابق کم گریڈ ملازمین کی تنخواہوں میں زیادہ اضافہ کیا جائے جبکہ افسران کی تنخواہوں میں نسبتا کم اضافہ کیا جائے تاکہ کم آمدنی والے ملازمین کو زیادہ ریلیف مل سکے۔وزیر توانائی سندھ نے ایس ٹی ڈی سی کے افسران کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت دی۔