پنجاب پولیس کا سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد کی تشہیر کرنے والوں کیخلاف کریک ڈائون جاری

جمعہ 4 جولائی 2025 00:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) پنجاب پولیس محرم الحرام کوپرامن اور محفوظ بنانے کے لیے کوشاں ہے جس کے تسلسل میں سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد کی تشہیر کرنے والوں کیخلاف کریک ڈائون جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایاکہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر قابل اعتراض و نفرت انگیز مواد اپ لوڈ کرنے کے26 واقعات رپورٹ ہوئے،سوشل میڈیا پرقابل اعتراض مواد شیئر کرنے پر 20 مقدمات درج کر کے 24 قانون شکن گرفتار کر لئے گئے۔

(جاری ہے)

اسی طرح فیس بک پر قابل اعتراض مواد اپ لوڈ کرنے کے 17 واقعات رپورٹ ہوئے،وٹس ایپ کے 3 جبکہ 6 واقعات دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر رپورٹ ہوئے۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ گذشتہ 04 روز کے دوران سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد شیئرکرنے پر 72 مقدمات درج اور83 افراد گرفتار ہو چکے ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت، اشتعال انگیزی اور فرقہ واریت کے مرتکب عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس سوشل میڈیا پر نفرت انگیزی اور قابل اعتراض مواد کی تشہیر کے مرتکب عناصر کی سرکوبی یقینی بنا رہی ہے۔