روس نے افغان طالبان حکومت کو تسلیم کرلیا

تسلیم کرنے کا عمل مختلف شعبوں میں نتیجہ خیز دوطرفہ تعاون کو فروغ دے گا،بیان

جمعہ 4 جولائی 2025 13:28

کابل/ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء)روس نے افغانستان کے نئے سفیر کی اسناد کو قبول کر لیا ہے، جس سے وہ طالبان حکومت کو تسلیم کرنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق روسی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ امارت اسلامیہ افغانستان کی حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کا عمل دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں نتیجہ خیز دوطرفہ تعاون کو فروغ دے گا۔

(جاری ہے)

افغان وزارت خارجہ نے اپنے ایکس اکائونٹ پر پوسٹ کیا کہ ملک کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی اور روسی فیڈریشن کے سفیر دیمتری ژیرنوف نے کابل میں ملاقات کی۔مزید کہا گیا کہ روسی سفیر نے اس ملاقات میں روس کی حکومت کا وہ باضابطہ فیصلہ سرکاری طور پر پہنچایا، جس کے تحت روسی فیڈریشن نے افغانستان کی امارتِ اسلامیہ کو تسلیم کر لیا ۔افغان وزارت خارجہ کے مطابق روسی سفیر نے اس فیصلے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اسے افغانستان اور روس کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ایک تاریخی قدم قرار دیا۔