مشہور میکسیکن باکسر جولیو سیزر شاویز جونیئر امریکا میں زیرِحراست

جمعہ 4 جولائی 2025 14:20

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) امریکی امیگریشن حکام نے میکسیکو کے مشہور باکسر جولیو سیزر شاویز جونیئر کو لاس اینجلس میں گرفتار کر لیا ہے، ممکنہ طور پر انہیں ملک بدر کر دیا جائے گا۔رائٹرز کے مطابق محکمہ برائے ہوم لینڈ سکیورٹی کا کہنا ہے کہ جولیو شاویز کی امریکی شہری سے شادی ہوئی ہے اور وہ غیرقانونی طریقے سے امریکا میں رہنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ہوم لینڈ سکیورٹی کے مطابق شاویز جونیئر نے 2024 میں گرین کارڈ کی درخواست میں دھوکہ دہی پر مبنی بیان دیا تھا۔شاویز کے وکیل مائیکل گولڈ شٹائین نے بتایا کہ 24 سے زائد سکیورٹی ایجنٹس نے باکسر کو لاس اینجلس میں ان کے گھر سے گرفتار کیا۔مائیکل گولڈ شٹائین نے کہا کہ باکسر پر عائد الزامات اشتعال انگیز ہیں اور بظاہر ان کا مقصد کمیونٹی کو دہشت زدہ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ہوم لینڈ سکیورٹی کا کہنا ہے کہ ورلڈ چیمپیئن فائٹر جولیو سیزر شاویز کے بیٹے 39 سالہ شاویز جونیئر کے مبینہ طور پر میکسیکو کے سینالووا ڈرگ کارٹل کے ساتھ تعلقات ہیں، جسے واشنگٹن نے عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہوا ہے۔باکسر کی اہلیہ فرڈا مونوز شاویز نے اس سے قبل سابق سینالووا کارٹیل لیڈر جوکین ’ایل چاپو‘ گزمین کے بیٹے سے شادی کی تھی، جو اب امریکی جیل میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔دوسری جانب میکسیکو میں شاویز کے اہل خانہ نے جاری بیان میں کہا ہے کہ ’ان کی بے گناہی پر مکمل یقین ہے۔