لاہور ہائیکورٹ ،قصور گرین بیلٹ کی بحالی سے متعلق دائر متفرق درخواست پر سماعت 11 جولائی تک ملتوی

جمعہ 4 جولائی 2025 17:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے قصور کی گرین بیلٹ کی بحالی سے متعلق دائر متفرق درخواست پر سماعت وکیل کی عدم دستیابی کے باعث گیارہ جولائی تک ملتوی کر دی۔جسٹس شاہد کریم نے جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ فیروز پور روڈ قصور پر قائم گرین بیلٹ مناسب طریقے سے بحال نہیں کی جا رہی، جہاں سے گھاس اور درخت ختم ہوتے جا رہے ہیں۔

درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ گرین بیلٹ نہ صرف صحت مند ماحول فراہم کرتی ہے بلکہ ذہنی دبائو کم کرنے اورآکسیجن کی فراہمی میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت فیروز پور روڈ قصور کی گرین بیلٹ کو بحال کرنے کا حکم دے اور اس کی روزانہ کی بنیاد پر دیکھ بھال کرنے کی بھی ہدایت جاری کرے۔ قبل ازیں عدالت نے جوڈیشل واٹر کمیشن سے گرین بیلٹ کی بحالی سے متعلق رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔