کراچی، زمین بوس عمارت کے ملبے تلے دبے شخص کی ٹیلی فون کے ذریعے مدد کی درخواست

جمعہ 4 جولائی 2025 22:07

کراچی، زمین بوس عمارت کے ملبے تلے دبے شخص کی ٹیلی فون کے ذریعے مدد کی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جولائی2025ء)کراچی کے علاقے لیاری میں 5 منزلہ عمارت زمین بوس عمارت کے ملبے تلے دبے شخص کی ٹیلی فون کے ذریعے مدد کی درخواست، ریسکیو حکام کے مطابق ملبے تلے دبے شخص نے اپنے عزیز واقارب کو ٹیلی فون کال کرکے اپنے زندہ ہونے کی اطلاع دی، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص کی تلاش کیلئے جگہ کی نشاندہی کی جارہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دبے مزید لوگوں کو زندہ نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ گرنے والی عمارت سے ملحق 2 اور 7 منزلہ عمارتوں کو بھی خالی کروالیا گیا ہے۔ریسکیو حکام نے متاثرہ عمارت کی بجلی اور گیس کی لائنوں کو کاٹ دیا ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق راستوں کی بندش کے باعث بھی ہیوی مشینری کے پہنچنے میں تاخیر ہوئی تاہم حادثے کے بعد مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کردی تھیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کے مطابق 20 سے 25 افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ لیاری کی تنگ گلیوں کے باعث امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ہیوی مشینری جائے وقوعہ پر امدادی کاموں میں مصروف ہے، کرین کے ذریعے برابر والی بلڈنگ سے لوگوں کو نکالا جارہا ہے، ریسکیوادارے ملبے تلے لوگوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے عمارت گرنے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ عمارت میں پھنسے تمام لوگوں کو جلد ریسکیو کیا جائے، اطراف میں تمام رکاوٹوں کو ختم کیا جائے۔