پرائیویٹ ہاسٹل میں قتل ہونے والی طالبہ ایمان کے کیس میں گرفتار ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں 6 دن کی توسیع

جمعہ 4 جولائی 2025 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) ڈیوٹی مجسٹریٹ محمد آصف ہنجرا نے پرائیویٹ ہاسٹل میں قتل ہونے والی 22 سالہ طالبہ ایمان کے کیس میں گرفتار ملزم فیروز کے جسمانی ریمانڈ میں 6 دن کی توسیع کر دی ہے۔ ملزم کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد ڈیوٹی مجسٹریٹ محمد آصف ہنجرا کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سے موبائل فون برآمد کرنا باقی ہے جس کے لئے اسے جھنگ لے جانا ہے۔

تفتیشی نے یہ بھی بتایا کہ وقوعہ سے متعلق ویڈیوز کا فرانزک تجزیہ کرانا ضروری ہے جس کے لئے مزید وقت درکار ہے ۔ پولیس نے عدالت سے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کا جسمانی ریمانڈ 6 دن کے لئے منظور کرتے ہوئے پولیس کو مزید تفتیش کی اجازت دے دی ۔ واضح رہے کہ طالبہ ایمان کے قتل کا مقدمہ 19 اپریل کو تھانہ رمنا میں درج کیا گیا تھا۔