ژ*9 اور 10 محرم کو سیفٹی پروٹوکول پر عملدرآمد کیلئے لیسکو کی HSE ٹیم متحرک

ہفتہ 5 جولائی 2025 02:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جولائی2025ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے 9 اور 10 محرم کے دوران فیلڈ عملے کی سیفٹی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران جہاں بجلی کی بلاتعطل فراہمی اولین ترجیح ہے، وہیں فیلڈ میں موجود لائن سٹاف کی جان و مال کی حفاظت بھی ہماری مکمل ذمہ داری ہے۔

سیفٹی پروٹوکول پر سختی سے عملدرآمد اس کا اہم جزو ہے۔ اسی مقصد کے تحت HSE (ہیلتھ، سیفٹی اینڈ انوائرمینٹ) ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے انجینئر فواد خالد نے چیف ایگزیکٹو لیسکو کی ہدایت پر محرم الحرام کے دوران ڈیوٹی شیڈول جاری کر دیا ہے۔ اس شیڈول کے تحت 9 اور 10 محرم کے دوران تمام سرکلز میں HSE افسران اور عملے کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ فیلڈ سٹاف کی جانب سے حفاظتی اقدامات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

ڈیوٹیوں کی تقسیم سرکل وائز کی گئی ہے تاکہ ہر علاقے میں جاری بجلی کی مرمت یا فراہمی سے متعلق کاموں کے دوران تمام حفاظتی اصولوں کا خیال رکھا جا سکے۔ HSE ٹیم کی نگرانی میں فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حفاظتی آلات کا لازمی استعمال کریں، SOPs پر سختی سے عمل کریں اور کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں فوری رپورٹ کریں۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو نے آخر میں کہا کہ ہم اپنے ہر لائن سٹاف کی حفاظت کو اتنی ہی اہمیت دیتے ہیں جتنی صارفین کو بجلی کی فراہمی کو۔ HSE ٹیم کا کردار ان ایام میں کلیدی ہے، اور میں چاہتا ہوں کہ یہ ٹیم مکمل سنجیدگی، ذمہ داری اور جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے تاکہ محرم الحرام کے ایام محفوظ، پٴْرامن اور بغیر کسی حادثے کے مکمل ہوں۔