نوکنڈی کی تقدیر بدلنے جا رہی ،شہر کی ترقی کیلئے 6ارب روپے کے خطیر فنڈ سے ماسٹر پلان کی منظوری دی جا چکی ہے،میر اعجاز سنجرانی

ہفتہ 5 جولائی 2025 17:28

نوکنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ بلوچستان کے سابق مشیر میر اعجاز خان سنجرانی نے کہا ہے کہ نوکنڈی کی تقدیر بدلنے جا رہی ہے۔ شہر کی ترقی کے لیے چھ ارب روپے کے خطیر فنڈ سے ماسٹر پلان کی منظوری دی جا چکی ہے۔ یہ بات انہوں نے اپنی رہائشگاہ میں ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں انجمن تاجران کے رہنما، قبائلی عمائدین اور متعدد دکان مالکان نے شرکت کی انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نوکنڈی کو جدید طرز پر ایک ترقی یافتہ شہر بنانے کی طرف عملی قدم ہے۔

ماسٹر پلان کے تحت شہر کے داخلی راستے پر ایک خوبصورت گیٹ اور تاریخی نوعیت کا مونومنٹ تعمیر کیا جائے گا۔میر اعجاز سنجرانی نے بتایا کہ عالمی معیار کا سپورٹس کمپلیکس قائم کیا جائے گا جس میں تمام کھیلوں کے لیے سہولیات دستیاب ہوں گی تاکہ نوجوان نسل مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب ہو۔

(جاری ہے)

ساتھ ہی ایک جدید فیملی پارک بھی بنایا جائے گا جو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہوگا، جبکہ 25 کمروں پر مشتمل ایک ریسٹ ہاؤس بھی تعمیر کیا جائے گا تاکہ شہر میں آنے والے مہمانوں کے لیے معیاری رہائش کی سہولت ہو۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ بازار کو مکمل طور پر مسمار کرکے اس کی جگہ ایک جدید دو منزلہ مارکیٹ تعمیر کی جائے گی۔ اس مارکیٹ میں بینکوں کے لیے مخصوص جگہ، دو ریستوران، عوامی بیٹھک گاہ، اور ایک خوبصورت آبشار بھی شامل ہوگی۔ بازار سے منسلک لنک سڑکوں کو دو رویہ کیا جائے گا، جبکہ سیوریج سسٹم، کشادہ پارکنگ، اسٹریٹ لائٹس اور گرین بیلٹس کا جدید انفراسٹرکچر متعارف کرایا جائے گا۔

ماسٹر پلان کے تحت غریب آباد کے ساتھ این-40 ہائی وے کو بھی دو رویہ بنایا جائے گا، اور اطراف کی تمام دکانوں کو نئے لے آؤٹ کے مطابق ترتیب دیا جائے گا۔ شہر میں ایک الگ بس ٹرمینل اور ٹرک اسٹینڈ بھی تعمیر کیا جائے گا تاکہ ٹریفک نظام بہتر ہو۔میر اعجاز سنجرانی نے کہا کہ بازار کی مکمل ازسرنو تنظیم کی جائے گی۔ سبزی، گوشت اور پرچون کی دکانوں کو مخصوص زون میں منتقل کیا جائے گا، جبکہ مال مویشی منڈی کے لیے بازار کے ایک کنارے پر جگہ مختص کی جائے گی۔

بازار کے مجوزہ تھری ڈی لے آؤٹ کی پریزینٹیشن بھی جلد عوام کے سامنے پیش کی جائے گی تاکہ عوامی رائے اور مشاورت شامل ہو سکے۔اجلاس میں انجمن تاجران کے رہنما واحد بخش شیرزئی، میر رادو خان ساسولی، سید تاجل شاہ اور حاجی گل گمشادزئی سمیت متعدد دکانداروں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ترقی اور جدید مارکیٹ کے حامی ہیں، تاہم اس عمل میں حکومت کو ایسا طریقہ کار اپنانا چاہیے جس میں کسی بھی دکاندار کا نقصان نہ ہو۔

ان کا مطالبہ تھا کہ نئی مارکیٹ میں دکانداروں کو ان کی دکانوں کے سائز اور تعداد کے مطابق مناسب جگہ فراہم کی جائے۔اجلاس کے اختتام پر میر اعجاز خان سنجرانی نے ڈسٹرکٹ چیئرمین عبدالودود خان سنجرانی، قبائلی عمائدین اور تاجر برادری کے ہمراہ بازار کا تفصیلی دورہ کیا اور ہر دکان کا فرداً فرداً معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران کیے گئے وعدے اب وفا ہونے کا وقت آ چکا ہے، اور نوکنڈی کی ترقی اب خواب نہیں بلکہ ایک عملی حقیقت بننے جا رہی ہے۔