غزہ میں ایک اور خونی شب، 18 فلسطینی شہید ، حماس مذاکرات پر آمادہ، اسرائیل کی بمباری جاری

ہفتہ 5 جولائی 2025 19:37

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جولائی2025ء) غزہ میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 18 فلسطینی شہید ہو گئے، جن میں خواتین ور بچے بھی شامل ہیں۔ فلسطینی حکام کے مطابق بمباری کا نشانہ بننے والے اکثر شہری علاقوں میں رہائش پذیر تھے۔ یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے جب حماس نے غیر معمولی پیش رفت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ میں فوری جنگ بندی مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

(جاری ہے)

غزہ کے مختلف علاقوں میں کی گئی تازہ فضائی کارروائیوں کے دوران عمارتیں زمین بوس ہو گئیں اور درجنوں افراد ملبے تلے دب گئے۔ فلسطینی تنظیم حماس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ جنگ بندی کے لیے فوری مذاکرات پر آمادہ ہے، بشرطیکہ انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی اور اسرائیلی حملوں کی مستقل بندش کی ضمانت دی جائے۔ادھر اسلامی جہاد نے بھی مشروط حمایت کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل ایک مستقل جنگ بندی معاہدے پر دستخط کرے، نہ کہ صرف عارضی سیزفائر پر اکتفا کرے۔