محرم الحرام حق و باطل کے درمیان فرق کی علامت ہے، امام حسینؓ کا پیغام ہر دور کیلئے مشعل راہ ہے، سردار عتیق احمد

ہفتہ 5 جولائی 2025 22:19

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء)آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے محرم الحرام کی آمد پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ مقدس مہینہ ہمیں باطل کے سامنے ڈٹ جانے، ظلم کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے اور حق کے لیے قربانی دینے کا درس دیتا ہے۔ امام حسینؓ اور ان کے رفقاء کی عظیم قربانی انسانیت کی تاریخ میں ایک روشن باب ہے جو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کربلا کا واقعہ محض ایک تاریخی سانحہ نہیں بلکہ یہ حق و صداقت، صبر و استقامت، اور ایثار و قربانی کی ایسی اعلیٰ ترین مثال ہے جو تمام انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ امام عالی مقامؑ نے ظلم کے سامنے سر نہ جھکا کر یہ پیغام دیا کہ باطل چاہے کتنا ہی طاقتور ہو، حق کے سامنے اس کی حیثیت صفر ہے۔

(جاری ہے)

سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ آج جب دنیا فتنہ و فساد، ناانصافی اور ظلم کا شکار ہے، تو ہمیں کربلا سے یہ سبق لینے کی ضرورت ہے کہ اصولوں پر قائم رہتے ہوئے باطل قوتوں کے خلاف آواز بلند کی جائے۔

امام حسینؓ کا راستہ اتحاد، امن، عدل اور اخلاص کا راستہ ہے، جس پر چل کر ہم نہ صرف ایک بہتر معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں بلکہ دینی و اخلاقی کامیابی بھی حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ محرم الحرام کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی، باہمی احترام اور اخوت کو فروغ دیں۔ بالخصوص نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ کربلا کے فلسفے کو سمجھ کر اپنی زندگیوں میں نظم و ضبط، قربانی اور سچائی جیسے اوصاف پیدا کریں۔سردار عتیق احمد خان نے حکومت اور انتظامیہ سے بھی اپیل کی کہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی، نظم و نسق اور عوامی سہولیات کے مؤثر انتظامات کیے جائیں تاکہ عزادار پرامن ماحول میں اپنے مذہبی جذبات کا اظہار کر سکیں۔