سیدنا امام حسینؓ کی شہادت ہمیں صبر و برداشت،حق کیساتھ کھڑے رہنے اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے، وزیر اطلاعات مظہرسعید شاہ

ہفتہ 5 جولائی 2025 22:45

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) وزیر اطلاعات آزاد جموں وکشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ امام عالی مقام سیدنا امام حسینؓ کی شہادت ہمیں صبر و برداشت،حق کیساتھ کھڑے رہنے اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے۔ نواسہ رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے اپنے عمل سے انسانیت کو برداشت، ضبط اور رواداری کا درس دیا ہے کہ حق اور انصاف کیلئے جدوجہد کرنا، قربانیاں دینا حسینی طرز عمل ہے۔

یوم عاشورہ کے حوالے سے اپنے بیان میں وزیر اطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام سنت حسینی پر عمل کرتے ہوئے قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نےکہا کہ امام عالی مقام سیدنا حضرت حسین ؓ کا صبر و رضا، جرات و استقامت اور حق کے لیے ہر قوت سے ٹکرا جانا، ایک ایسا کردار ہے جس نے تاریخ، کربلا، امتِ مسلمہ اور ایمانی جذبوں کو زندہ و جاوید کردیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امام عالی مقام نے اپنی عظیم قربانی پیش کرکے ہمارے لیے حق و صداقت کی راہ کو متعین کیا۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ حضرت امام حسینؓ کی قربانی اور شہدائے کربلا کی قربانی کا فلسفہ ہمیں یہ پیغام دیتا اور سبق سکھاتا ہے کہ اسلام کی سربلندی اور دین کی عظمت و بقا کے لیے کسی قربانی دینے سے گریز نہیں کرنا چاہیے۔