یوم عاشور صرف ایک دن نہیں بلکہ ایثار، قربانی اور حق و صداقت کیلئے ڈٹ جانے کا پیغام ہے، پیر سید علی رضا کاظمی

ہفتہ 5 جولائی 2025 20:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) معروف مذہبی رہنما پیر سید علی رضا کاظمی نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یوم عاشور صرف ایک دن نہیں بلکہ ایثار، قربانی اور حق و صداقت کے لیے ڈٹ جانے کا پیغام ہے۔ نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی عظیم قربانی کی بدولت آج اسلام زندہ ہے اور قیامت تک باقی رہے گا۔

پیر سید علی رضا کاظمی نے کہا کہ تمام مکاتبِ فکر اہل بیت اطہارؑ کی قربانیوں اور ان کے دیئے ہوئے اسباق پر یقین رکھتے ہیں۔ آج امت مسلمہ کو درپیش مسائل کا حل حسینی جذبے، اتحاد اور قربانی کے فلسفے میں پنہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے ظالم و جابر حکمران کے سامنے سر جھکانے کے بجائے ظلم کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بننے کو ترجیح دی۔

(جاری ہے)

یہی جذبہ آج بھی مسلمانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ پیر علی رضا کاظمی نے مزید کہا کہ آج جب فلسطین میں معصوموں پر ظلم ہو رہا ہے اور کشمیر میں آزادی کی تڑپ ہر دل میں ہے تو وقت کا تقاضا ہے کہ ہم نہ صرف آواز بلند کریں بلکہ مسلمانوں کو متحد کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر اور فلسطین بھارتی و اسرائیلی تسلط سے آزاد ہوں گے۔ ہمیں حضرت امام حسینؓ کی قربانی سے سبق لیتے ہوئے ایثار، صبر اور استقامت کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنانا ہو گا۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں حق و سچ کا ساتھ دینے اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کی توفیق عطا فرمائے اور امت مسلمہ کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرے۔