بہاول پور، کمشنر مسرت جبیں اور ریجنل پولیس آفیسر رائے بابر سعید کا سیف سٹی آفس کا دورہ، محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

ہفتہ 5 جولائی 2025 22:00

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں اور ریجنل پولیس آفیسر رائے بابر سعید نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے پولیس لائن میں قائم سیف سٹی آفس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سیف سٹی احسن یونس نے سیف سٹی پروجیکٹ، پولیسنگ کے جدید تقاضوں اور سکیورٹی مینجمنٹ سے متعلق امور پرتفصیلی بریفنگ دی۔

کمشنر بہاولپور نے نوجوان افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پوری لگن اور جذبے سے اپنے فرائض انجام دیں، جو قابل تحسین ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد حسن اقبال بھی ان کے ہمراہ تھے۔بعد ازاں کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں اور ریجنل پولیس آفیسر رائے بابر سعید نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے مر کزی امام بارگاہ شیعہ جامع مسجد زنانہ ہسپتال روڈ کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

کمشنربہا ولپور ڈویژن مسرت جبیں نے سیکورٹی و انتظامی امور سمیت عزاداروں کی سہولت کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے منتظمین سے ملاقات کرتے ہوئے انتظامات بارے معلومات حاصل کیں۔کمشنربہا ولپور ڈویژن مسرت جبیں نے کہاکہ نو محرم اور یوم عاشورہ پر سیکورٹی اور تمام امدادی ادارے ہائی الرٹ ہیں۔انہوں نے کہاکہ شدید گرمی کے باعث عزاداروں بلخصوص خواتین اور بچوں کی حفاظت پرخصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ریسکیو 1122، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی، ضلع کونسل، میونسپل کمیٹیز، سول ڈیفنس اورریونیو کی ٹیمیں جلوسوں کے ہمراہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جلوسوں و مجالس کے روٹس پر ٹھنڈے پانی کی سبیلیں، پانی کا چھڑکاؤ اور موبائل واش رومز کی سہولت فراہم کی گئی ہیں۔اس موقع پرریجنل پولیس آفیسر رائے بابر سعید نے بتایا کہ جلوس و مجالس کی سیکیورٹی کی اہمیت کو ذہن میں رکھتے ہوئے ڈیوٹی پر مامور تمام افسران و جوان ہمہ وقت الرٹ رہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس پاس کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور جلوس و مجالس میں داخل ہونے والے تمام شرکاکی تلاشی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اورکسی بھی قسم کی لاپرواہی اور سستی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد طیب کے ہمراہ محرم الحرام کے دوران ڈپٹی کمشنر افس میں قائم ڈسٹرکٹ کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد طیب نے ڈپٹی کمشنر کو سکیورٹی و انتظامی اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر کو جلوسوں کے روٹس، سی سی ٹی وی کیمروں کی ما نیٹرنگ اور دیگر اہم پہلوؤں سے متعلق تفصیلات بھی فراہم کی گئیں۔