رکن پنجاب اسمبلی حنیف پتافی کا ڈیرہ غازی خان شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ، جلوس کے روٹس، مجالس کے مقامات پر سیکیورٹی، صفائی اور دیگر معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا

ہفتہ 5 جولائی 2025 22:20

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان سے رکن پنجاب اسمبلی محمد حنیف پتافی اور ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے محرم الحرام کے حوالے سے بلاک 45 کی امام بارگاہ کا دورہ کیا۔ڈی پی او سید علی، اسسٹنٹ کمشنر تیمور عثمان، چیف آفیسر ضلع کونسل جواد الحسن گوندل سمیت دیگر افسران ہمراہ تھے۔

ایم پی اے محمد حنیف پتافی اور ضلعی انتظامیہ نے افسران نے مقامی منتظمین اور عزادار کمیٹیوں سے ملاقاتیں کیں۔ جلوس کے روٹس، مجالس کے مقامات پر سیکیورٹی، صفائی اور دیگر معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی، صفائی اور دیگر شہری سہولیات کے مثالی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے۔

(جاری ہے)

عزاداروں کے لیے صاف پانی، طبی امداد، ٹریفک پلان اور فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ایم پی اے محمد حنیف پتافی،ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد اور ڈی پی او سید علی نے کہا کہ محرم الحرام مذہبی عقیدت و احترام کا مہینہ ہے، اور اس دوران امن و امان برقرار رکھنا اور شہریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری میں شامل ہے۔امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کےلئے امن کمیٹیوں کے اراکین اور منتظمین کا مثالی تعاون حاصل رہا ہے۔محرم الحرام میں امن و امان، مذہبی ہم آہنگی اور مثالی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے جس کےلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔