شہدائے کربلا کی قربانیاں یاد کرنی چاہیئے،جنہوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا،جمیل احمد سومرو، سہیل انور سیال

اتوار 6 جولائی 2025 20:20

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جولائی2025ء) اراکین صوبائی اسمبلی جمیل احمد سومرو، سہیل انور سیال اور کمشنر لاڑکانہ ڈویژن طاہر حسین سانگی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے بہترین انتظامات کئے ہیں، اس سلسلے میں لاڑکانہ ڈویژن اور بالخصوص لاڑکانہ کی ضلعی انتظامیہ نے بھی اچھے انتظامات کیے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو لاڑکانہ شہر کے مختلف علاقوں میں امام بارگاہوں، ماتمی جلوسوں، سیکیورٹی انتظامات اور صفائی ستھرائی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم شہدائے کربلا کی قربانیوں کو یاد کر رہے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے یہ سبق دیا کہ کتنی ہی مشکلات آئیں ہمیں حق کا ساتھ دینا چاہیے اور صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم سب مسلمان ہیں، ہمیں حضرت امام حسین علیہ السلام کے دیئے گئے سبق کو یاد رکھنا چاہیے اور آپس میں اتحاد اور بھائی چارہ قائم کرنا چاہیے اور ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہیے اور کسی کو تکلیف نہیں دینی چاہیے کیونکہ اسلام ہمیں رواداری اور احترام کا سبق دیتا ہے۔اس موقع پر چیئرمین ضلع کونسل لاڑکانہ اعجاز احمد لغاری، میئر میونسپل کارپوریشن ایڈووکیٹ انور علی لہر اور پیپلز پارٹی کے رہنما اور کارکنان موجود تھے۔