ڈپٹی کمشنر جعفرآباد کا دورہ مرکزی امام بارگاہ ، سکیورٹی و دیگر انتظامات کا جائزہ لیا

اتوار 6 جولائی 2025 21:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے یوم عاشور کے موقع پر یونین کونسل کیٹل فارم کی مرکزی امام بارگاہ چھلگری کا دورہ کیا اور سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جعفرآباد ڈاکٹر ایاز حسین جمالی بھی ان کے ہمراہ تھے جنہوں نے ماتمی جلوس کے دوران زخمی ہونے والے عزاداروں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر خالد خان نے موقع پر موجود طبی عملے کو ہدایت کی کہ عزاداروں کو بروقت اور بہتر طبی امداد فراہم کی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں فوری کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے امام بارگاہ میں عزاداروں سے بھی ملاقات کی اور جلوس کے روٹس، سکیورٹی پوائنٹس، داخلی و خارجی راستوں پر موجود پولیس اور ایف سی کے جوانوں سے بھی بات چیت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے سکیورٹی فورسز کی جانب سے انجام دی جانے والی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یوم عاشورہ کے موقع پر تمام متعلقہ ادارے مستعدی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں تاکہ ضلع بھر میں امن و امان کی فضا برقرار رہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح عوام کے جان و مال کا تحفظ اور ماتمی جلوسوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔