امام حسینؑ نے اپنے خون سے وہ چراغ جلایا جو رہتی دنیا تک مظلوموں کے لیے رہنمائی کا زریعہ بنارہے گا،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

اتوار 6 جولائی 2025 23:00

سیالکوٹ، (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جولائی2025ء) کربلا کی زمین پر نواسۂ رسولؐ حضرت امام حسین علیہ السلام نے اپنے اہلِ بیت اطہار اور جانثار اصحاب کی لازوال قربانیاں دے کر نہ صرف دین اسلام کو بچایا بلکہ باطل قوتوں کے سامنے حق کا پرچم قیامت تک بلند کر دیا۔آج کے دن امام حسینؑ نے اپنے خاندان کے کم سن بچوں سے لے کر شجاع بھائی، وفادار اصحاب، بزرگوں تک سب کو راہِ خدا میں قربان کر کے ہمیں یہ پیغام دیا کہ دین اور اقدار کی حفاظت کے لیے اگر سب کچھ بھی دینا پڑے تو دریغ نہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں منعقدہ مجلس اعزاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ امام حسینؑ نے اپنے خون سے وہ چراغ جلایا جو رہتی دنیا تک مظلوموں کے لیے رہنمائی کا زریعہ بنارہے گا۔ انہوں نے کہاآج کا دن ہمیں یہ سوچنے پر مجبور کرتا ہے کہ کیا ہم نے اپنے کردار، گفتار اور افکار میں حسینی فکر کو اپنایا ہے؟ اگر ہم واقعی امام عالی مقام سے محبت کا دم بھرتے ہیں تو پھر ہمیں معاشرتی ناانصافیوں، کرپشن، جھوٹ، اور ظلم کے خلاف عملی طور پر میدان میں آنا ہوگا۔