حریت وفد کی آزاد کشمیر اسمبلی کے اسپیکراور قائد حزب اختلاف سے ملاقات، 13جولائی کی ریلی میں شرکت کی دعوت

13جولائی 1931کا دن تاریخ کشمیر کا وہ روشن باب ہے جس نے کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کی بنیاد رکھی

پیر 7 جولائی 2025 17:00

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے ایک وفد نے آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کے اسپیکر چوہدری لطیف اکبراور قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اورانہیں 13جولائی کو یوم شہدائے کشمیر کے موقع پرمظفر آباد میںمنعقد ہونے والی ریلی میں شرکت کی دعوت کی۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق وفد کی قیادت کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے سیکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ کررہے تھے اوراس میں مشتاق الاسلام، عبدالمجید میر اور سید گلشن احمد شامل تھے۔حریت وفد نے اس موقع پر کہا کہ 13جولائی 1931کا دن تاریخ کشمیر کا وہ روشن باب ہے جس نے کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کی بنیاد رکھی۔ شہدائے کشمیر نے جامِ شہادت نوش کرکے تحریکِ حریت کو ایک ایسی سمت عطا کی جو آج بھی مظلوم کشمیریوں کی رہنمائی کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا مقدس خون آج بھی تحریک کی روح ہے اور ان کے مشن کو مکمل کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ چوہدری لطیف اکبر اور خواجہ فاروق احمد نے شہدائے کشمیر کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ نہ صرف ذاتی طور پر بلکہ اپنے تمام کارکنان اور وابستگان کے ہمراہ برہان وانی چوک میں منعقدہ ریلی میں بھرپور شرکت کریں گے۔ دونوں رہنمائوں نے کہا کہ آزادی کشمیر کے مقدس مشن میں تمام کشمیریوں کو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام آج بھی شہدائے 13جولائی کے مشن سے وابستہ ہیں اور ان کی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم اور یکسو ہیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے تمام محب وطن کشمیریوں، سیاسی و سماجی رہنمائوں اور سول سوسائٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ 13جولائی کو یومِ شہدا ء کے موقع پر منعقدہ ریلی میں بھرپور شرکت کریں اور مظلوم کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔