ریسکیو1122نے ضلع بھر میں نکالے جانے والے اہم و بڑے جلوسوں میں میڈیکل کوریج فراہم کی، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر

پیر 7 جولائی 2025 17:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2025ء) ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں ریسکیو1122نے ضلع بھر میں نکالے جانے والے اہم و بڑے جلوسوں میں میڈیکل کوریج فراہم کی۔ یکم محرم الحرام سے دس محرم الحرام تک ریسکیو 1122 نے ضلع بھر کی چاروں تحصیلوں میں ہونے والی مجالس اور جلوسوں کو میڈیکل کوریج فراہم کی، خصوصا یوم عاشور(شہادت امام حسین) کے دن 25 اہم جلوس اور امام بارگاہوں میں ریسکیورز و ریسکیو سکاؤٹس نے ریجنل ایمرجنسی آفیسر سید کمال عابد کی زیر قیادت اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی زیرنگرانی ڈیوٹی سر انجام دی۔

ایڈمنسٹریٹر سید کمال عابد نے مختلف امام بارگاہوں و جلوسوں پر بنائی گئی میڈیکل پوسٹوں اور ٹیموں کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کنٹرول روم میں محرم الحرام کی مناسبت سے رپورٹنگ کا بھی جائزہ لیا۔ یوم عاشور پر ریسکیو 1122 نےتمام وسائل کو ہائی الرٹ رکھا، 14 ایمبولینسز،4 فائر ویکلز، ریسکیو وہیکل اور 24 موٹر سائیکل ایمبولینسز، 85 ریسکیورز کے علاوہ 102 ریسکیو سکاؤٹس بشمول 12 خواتین ریسکیو سکاؤٹس نے ریسکیو ڈسٹرکٹ وارڈن جمیل جنجوعہ کی قیادت میں ڈیوٹی سر انجام دی۔

ریسکیو1122 نے ضلع بھر میں نکالے گئے جلوسوں میں زنجیر زنی کرنے والے 499 عزاداروں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی جبکہ 21 کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ریسکیورز اور ریسکیو سکاؤٹس پر مشتمل میڈیکل موبائل ٹیموں کے ہمراہ امام بارگاہ اڈہ پسروریاں، مستری عبداللہ، کینٹ، شاہ سیداں، کوٹلی سید میر، مظفرپور، رتیاں سیداں، کھروٹہ سیداں،کوٹلی لوہاراں،کوٹلی میر علی، منوووال گوندل اور تحصیل پسرور، ڈسکہ اور سمبڑیال میں نکالے جانے والے اے کیٹگری کے جلوسوں کے ساتھ میڈیکل کوریج فراہم کی۔

ریسکیو سیفٹی آفیسر پسرور محمد عاصم، تحصیل انچارج سمبڑیال ضیا المصطفی، تحصیل انچارج سیالکوٹ محمد رضا نے ڈیوٹی سر انجام دی۔ تحصیل سیالکوٹ کا بڑا جلوس چوک شہیداں میں جمع ہوتا ہے جہاں عزادار زنجیر زنی اور ماتم کرتے ہیں، کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے اور عزاداروں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے ریسکیو نے چوک شہیداں میں ابتدائی طبی امداد پوسٹ قائم کی جس میں 12 خواتین رضاکاروں نے ڈیوٹی سر انجام دی۔

متعلقہ عنوان :