ُاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعاون کو وسعت دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں ، جام کمال خان

منگل 9 ستمبر 2025 16:36

ُاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعاون کو وسعت دینے کے وسیع مواقع موجود ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعاون کو وسعت دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں ، زرعی شعبے ، اقتصادی زونز سمیت دیگر شعبہ جات میں تعاون کو آگے بڑھائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک ترکیہ مشترکہ بین الوزارتی کمیشن کے اجلاس کے بعد ترک وزیر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ مشترکہ بین الوزارتی کمیشن کا آئندہ اجلاس انقرہ میں منعقد ہوگا،پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے کے لئے مزید پروٹوکول معاہدے کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بین الوزارتی اجلاس میں مختلف شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا گیا ہے ، تجارت اور باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

جام کمال نے کہا کہ صحت ، تعلیم ، سکل ڈویلپمنٹ ، دفاعی تعاون کو آج کئے گئے معاہدے کے تحت آگے لے کر جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم نے اس معاہدے کی تشکیل کے لئے بہت محنت سے کام کیا ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے پاس برآمدی صلاحیت موجود ہے اور اس صلاحیت سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں جوائنٹ اکنامک کمیشن اور تمام امور پر طریقہ کار اور پروٹوکول پر بات کی گئی ہے جس کے بعد مزید پروٹوکولز پر دستخط کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کی ملاقات ترک صدر اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں کے تسلسل کے وجہ سے ہی ممکن ہوئی ہے۔