حضرت امام حسیؓن کا پیغام ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا ہے، صاحبزادہ پیر محمد حسان حسیب الرحمٰن

منگل 8 جولائی 2025 16:24

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2025ء) پیر طریقت رہبر شریعت حضرت صاحبزادہ پیر محمد حسان حسیب الرحمٰن سجادہ نشین آستانہ عالیہ عید گاہ شریف راولپنڈی نے کہا ہے کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کا پیغام ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا ہے، حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ تعالٰی عنہ کی قربانی حق و باطل کی پہچان ہے، حضرت سیدنا امام حسین علیہ السلام کی عظیم قربانی تاریخ انسانیت کا وہ روشن باب ہے جو تا قیامت حق، صبر، استقامت اور قربانی کی مثال کے طور پر زندہ رہے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں آستانہ عالیہ سہالیہ شریف میں منعقدہ سالانہ عرس پنجتن پاک میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت سیدنا امام حسین علیہ السلام کی شہادت دراصل نماز، صبر، استقامت اور دین کی سربلندی کا درس ہے۔

(جاری ہے)

آپ رضی اللہ تعالٰی عنہ کی سیرت اور قربانی صرف امت مسلمہ ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے ایک ایسا دائمی پیغام ہے جو ظلم و جبر کے خلاف ڈٹ جانے کا حوصلہ عطا کرتا ہے۔

صاحبزادہ پیر محمد حسان حسیب الرحمٰن کا کہنا تھا کہ کربلا کا دلخراش اور ایمان افروز واقعہ ہمیں یہ سیکھاتا ہے کہ باطل اور فاسق حکمرانوں کے آگے سر جھکانا اہل ایمان کے شایان شان نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت سیدنا امام حسین علیہ السلام نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ تپتے صحرا میں جو قربانی پیش کی وہ رہتی دنیا تک مظلوموں کے لیے امید، اہل حق کے لیے روشنی اور آزادی کے متوالوں کے لیے حوصلے کا استعارہ ہے۔

انہوں نے مذید کہا کہ حضرت سیدنا امام حسین علیہ السلام صرف ایک عظیم شخصیت ہی نہیں بلکہ ایک نظریہ ہیں جو ہر دور کے یزید کے سامنے ڈٹ جانے کی جرات عطا کرتے ہیں۔ آخر میں پیر فداالحق نے شہدائے کربلا کے بلندی درجات اور امت مسلمہ کی بقاء کے لیے دعائے خیر کی۔ خلیفہ مجاز آستانہ عالیہ عید گاہ شریف راولپنڈی رانا ضمیر اختر نقیبی، محمد اویس نقیبی، چوہدری مقصود علی وڑائچ، چوہدری فرحت عباس ایڈووکیٹ، ملک محمد اشرف نقیبی، علامہ قاری محمد امتیاز نقیبی سمیت اہل علاقہ کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر یہاں موجود تھی۔

متعلقہ عنوان :