مزدور کی کم سے کم اجرت کے قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے لیبر ڈیپارٹمنٹ اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرے، اے ڈی سی جی سیالکوٹ

جمعہ 26 ستمبر 2025 20:47

مزدور کی کم سے کم اجرت کے قانون پر  عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے لیبر ..
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ایوب بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے مقرر کی گئی مزدور کی کم سے کم اجرت کے قانون پرعملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے لیبر ڈیپارٹمنٹ اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرے، فیکٹریوں اور ورکشاپس پرملازمت کرنے والے مزدوروں اور بالخصوص اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے مزدوروں کو حکومت پنجاب کے حالیہ بجٹ میں طے کردہ اجرت کی ادائیگی مالکان کا قانونی اور اخلاقی فریضہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ویجی لینس کمیٹی برائے انسداد جبری مشقت و ہیومین ٹریفکنگ سیالکوٹ کے ممبران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ڈی ڈی لیبر طیب ورک ، نمائندگان سول سوسائٹی مرزا عبدالشکور اور اشفاق نذر نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ایوب بخاری نے کہا کہ فیکٹریز اور دیگر نجی اداروں میں کام کرنے والے ورکرز کی رجسٹریشن اور ان کو سوشل سیکیورٹیز کارڈز کا اجراء پنجاب ایمپلائز سوشل سیکیورٹی ایجنسی کے مقامی حکام کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اینٹوں کے بھٹوں پر کم عمر بچوں سے مزدوری لینے والے بھٹہ مالکان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک جانے والے نوجوانوں کی کونسلنگ کی جائے اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹوں کے خلاف ایف آئی اے کارروائی عمل میں لائے۔