سندھ بھر میں کل 740 عمارتیں مخدوش حالت میں ہیں،شرجیل میمن

بلڈنگ میں سے 11 خالی کروالی گئی ہیں اور کوشش ہے کہ تمام عمارتیں خالی ہوں،سینئر صوبائی وزیر

منگل 8 جولائی 2025 17:47

سندھ بھر میں کل 740 عمارتیں مخدوش حالت میں ہیں،شرجیل میمن
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2025ء)سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے انکشاف کیا ہے کہ سندھ بھر میں کل 740 عمارتیں مخدوش حالت میں ہیں۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے بتایا کہ 740 عمارتوں میں سے 51 کی حالت بہت ہی خراب ہے، 51 بلڈنگ میں سے 11 خالی کروالی گئی ہیں اور کوشش ہے کہ تمام عمارتیں خالی ہوں۔شرجیل میمن نے بتایا کہ جو 11 عمارتیں خالی ہوئی ہیں وہاں کے مکینوں نے اپنی اپنی جگہ لے لی ہیں، جس کے پاس کوئی دوسری رہائش نہیں ہوگی تو حکومت وقتی طور پر شیلٹر دے گی۔

سینئر صوبائی وزیر نے بتایا کہ لیاری کے علاقے بغدادی میں گرنے والی عمارت سے متعلق مکینوں کو 2023 اور 2024 میں نوٹسز بھیجے گئے تھے کہ عمارت خالی کر دی جائے لیکن وہ خالی نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمارت گرنے کے بعد سخت کارروائی کی گئی اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی ای)کے ڈی جی کو عہدے سے ہٹایا گیا، اس حوالے سے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جبکہ ایف آئی آر کاٹنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے کوشش کی ہے کہ لوگ قانون ہاتھ میں نہ لیں، عمارت گرنے سے قیمتی جانوں کا نقصان ہوا۔شرجیل میمن نے کہا کہ ایس بی سی اے کا کام ہی یہی ہے کہ وہ ڈیزائن اور نقشے کی منظوری دے، اس کی ذمہ داری ہے کہیں بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی ہو رہی ہے تو وہ اس کو توڑے۔