قائمہ کمیٹی توانائی کی مہنگی بجلی ،بھاری بلوں پر تشویش،وزیر توانائی سے سخت سوالات

منگل 8 جولائی 2025 22:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2025ء)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں اراکین نے مہنگی بجلی اور بلوں میں غیر معمولی اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور وزیر توانائی اویس لغاری سے سخت سوالات کیے۔منگل کوہونے والے اجلاس میں اراکین نے 200اور 201یونٹ کے بلوں میں بڑے فرق پر خاص طور پر اعتراض اٹھایا جبکہ رکن کمیٹی ملک انور تاج نے کہاکہ ایک یونٹ کے فرق سے بل میں غیر معمولی اضافہ عوام کیلئے ناقابل فہم ہے اور اس معاملے کو ایجنڈے میں شامل کیا جائے۔

انہوں نے سوال کیا کہ 201یونٹ پر بل اتنا زیادہ کیوں بڑھ جاتا ہے۔حکومتی رکن رانا محمد حیات نے کہا کہ لائف لائن صارفین کو 200یونٹ تک 5ہزار روپے بل آتا ہے لیکن 201یونٹ ہونے پر یہ 15ہزار روپے تک پہنچ جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سے صارفین پروٹیکٹڈ کیٹیگری سے بھی نکل جاتے ہیں اور عوام کو جواب دینا مشکل ہو رہا ہے کہ بجلی کب سستی ہوگی۔وزیر توانائی اویس لغاری نے جواب دیا کہ 200یونٹ تک کے صارفین کو 80فیصد رعایت دی جا رہی ہے اور صارفین کیلئے مزید ریلیف کے اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ بجلی کا زیادہ استعمال بڑھے گا تو ریٹ کم ہو سکتے ہیں۔اویس لغاری نے اراکین کے استفسارات پر اعتراف کیا کہ ملک میں سالانہ 250ارب روپے کی بجلی چوری ہو رہی ہے جبکہ بلز کی عدم وصولی سمیت مجموعی نقصانات 500ارب روپے سے زائد ہیں۔کمیٹی نے مہنگی بجلی اور بھاری بلوں کے معاملے پر مزید اقدامات کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ عنوان :