اداکارہ حمیرا اصغر کی موت سے متعلق ہوشربا انکشافات

کراچی کے پوش علاقے میں واقع فلیٹ سے ملنے والی لاش 1 ماہ پرانی ہونے کا انکشاف، لاش قابل شناخت نہ رہی

muhammad ali محمد علی منگل 8 جولائی 2025 23:50

اداکارہ حمیرا اصغر کی موت سے متعلق ہوشربا انکشافات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 جولائی2025ء) اداکارہ حمیرا اصغر کی موت سے متعلق ہوشربا انکشافات، کراچی کے پوش علاقے میں واقع فلیٹ سے ملنے والی لاش 1 ماہ پرانی ہونے کا انکشاف، لاش قابل شناخت نہ رہی، پولیس نے فلیٹ کو سیل کر کے موت کی اصل وجہ جاننے کیلئے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش ڈیفنس میں فلیٹ سے برآمد ہوئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ڈیفنس فیز 6 اتحاد کمرشل میں فلیٹ سے خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے، 35 سالہ حمیرا اصغر فلیٹ میں 7 سال سے اکیلی رہ رہی تھیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ علاقہ مکینوں نے بتایا کہ خاتون ماڈل و اداکارہ تھیں، خاتون نے 2018 میں فلیٹ کرایہ پر لیا تھا اور 2024 سے کرایہ نہیں دیا تھا، سی بی سی میں مالک مکان نے کیس کیا ہوا تھا آج بیلف آیا تو لاش دیکھی۔

(جاری ہے)

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ ابتدائی طور پر طبعی معلوم ہوتا ہے، لاش کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پوسٹ مارٹم کے بعد مزید کچھ پتا چل سکے گا۔ ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ فلیٹ کو سیل کردیا گیا ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں، متوفی خاتون حمیرا اصغر علی کی لاش کئی روز پرانی ہے۔ ایس ایس پی کے مطابق لاش کئی روز پرانی ہونے کے باعث شناخت ممکن نہیں، ڈی این اے سیمپلز کی مدد سے ہی شناخت ممکن ہوسکے گی، بلڈنگ کے مکینوں کے مطابق خاتون کا نام حمیرا اصغر ہے اور وہ ماڈل، اداکارہ تھیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر موجود تصاویر دیکھ کر کہنا مشکل ہے یہ لاش اسی خاتون کی ہے، اب تک خاتون کا کوئی بھی قریبی عزیز سامنے نہیں آیا ہے۔ بعدازاں پولیس حکام نے بتایا کہ خاتون کے کمرے سے حمیرا اصغر کا موبائل فون ملا ہے، موبائل سم کے مطابق شناختی کارڈ کا ریکارڈ منگوایا ہے جس کے بعد مزید تفصیلات سامنے آجائیں گی۔ جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق فلیٹ سے ملنے والی لاش ایک ماہ پرانی ہے، ایس باعث لاش قبل شناخت نہیں رہی ۔