معروف ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل، والد کا بیٹی کی لاش لینے سے انکار

مرحومہ کے موبائل فون کا ڈیٹا بھی حاصل کرلیا گیا موت کی اصل وجہ کیمیکل ایگزامینیشن رپورٹ آنے پر سامنے آئے گی،اداکارہ کے والد سے بات ہوئی ہے تاہم انہوں نے کراچی آنے سے انکار کر دیا ہے،والد کو سمجھایا ہے کہ لاش وصول کریں والد نے دوبارہ پولیس نے رابطہ نہیں کیا، ایس ایچ او گذری فاروق سنجرانی

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 9 جولائی 2025 11:00

معروف ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل، والد کا بیٹی ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09جولائی 2025)کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں فلیٹ میں مردہ حالت میں ملنے والے معروف ماڈل و اداکارہ حمیرااصغر کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا، پولیس کے مطابق مرحومہ کے موبائل فون کا ڈیٹا بھی حاصل کرلیا گیا ہے، موت کی اصل وجہ کیمیکل ایگزامینیشن رپورٹ آنے پر سامنے آئے گی، پولیس کے مطابق حمیرا کا تعلق لاہور سے تھا۔

اداکارہ کی لاش سرد خانے منتقل کردی گئی ہے اور مرحومہ کے لواحقین سے رابطہ ہوگیا ہے۔ایس ایچ او گذری فاروق سنجرانی کاکہناہے کہ متوفیہ اداکارہ و ماڈل حمیر اصغر کے والد کاکہنا ہے کہ حمیرا سے کوئی تعلق نہیں،اداکارہ کے والد نے بیٹی کی لاش لینے سے انکارکر دیا ہے،ایس ایچ او کے مطابق حمیرا اصغر کے اہل خانہ سے رابطے کی کوششیں کی گئیں اوراداکارہ کے والد سے بات ہوئی ہے تاہم انہوں نے کراچی آنے سے انکار کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

والد کا کہنا ہے کہ انہوں نے کافی عرصہ قبل حمیرا سے قطع تعلق کر لیا تھا۔ پولیس کے مطابق بھائی نے والد سے بات کرائی تو والد نے کہا حمیرا سے کوئی تعلق نہیں۔ ایس ایچ او فاروق سنجرانی کے مطابق حمیرا کے والد کو سمجھایا ہے کہ لاش وصول کریں تاہم والد نے دوبارہ پولیس نے رابطہ نہیں کیا۔ پولیس نے مزید پیش رفت کرتے ہوئے اداکارہ کے بھائی کا نمبر حاصل کیا اور اس سے رابطے کیا۔

پڑوسیوں سے بھی حمیرا سے متعلق معلومات حاصل کی ہیں۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد تمام صورتحال واضح ہوگی۔ پولیس کے مطابق کمرے سے موبائل فون اور حمیرا اصغر علی کی تصاویر والے میگزین ملی ہے موبائل سم حمیرا اصغر کے نام سے رجسٹرڈ ہے۔پولیس کاکہنا ہے کہ خاتون نے 2018 میں فلیٹ کرائے پر لیا تھا۔ 2024 سے کرایہ نہ دینے پر مالک نے کیس کررکھا تھا۔ پولیس عدالتی حکم پر فلیٹ خالی کرانے پہنچی تو دروازہ لاک تھا۔

پولیس دروازہ توڑ کر داخل ہوئی تو خاتون کی لاش ملی۔واقعے کے بعد عدالتی بیلف نے فلیٹ سیل کردیا جب کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ حمیرا اصغر نے پاکستانی رئیلیٹی شو 'تماشا گھر' کے پہلے سیزن میں شرکت کی تھی۔یاد رہے کہ گزشتہ روزکراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی میں واقع فلیٹ سے معروف اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی کئی روز پرانی لاش ملی تھی۔

گزری تھانے کی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ اداکارہ کی لاش تقریباً دو ہفتے پرانی تھی۔پولیس کا کہنا تھا کہ اداکارہ 2018 سے فلیٹ میں کرائے پر اکیلی رہ رہی تھیں اور 2024 سے کرایہ ادا نہیں کیا تھا۔ڈی آئی جی ساؤتھ زون سید اسد رضا کاکہناتھا کہ معروف اداکارہ حمیرا اصغر علی کی لاش اتحاد کمرشل، فیز VI میں واقع ایک فلیٹ سے برآمد ہوئی تھی۔انہوں نے بتایا تھا کہ گزری پولیس مقامی عدالت کے حکم پر فلیٹ خالی کرانے کیلئے پہنچی تھی جب پولیس پارٹی نے سہ پہر سوا تین بجے دروازہ کھٹکھٹایا تو اندر سے کوئی جواب نہ آیا تھا۔

پولیس تالہ توڑ کر اندر داخل ہوئی تو اداکارہ مردہ حالت میں پائی گئیں تھیں۔ مرحومہ اداکارہ مذکورہ فلیٹ میں کرایہ پر رہ رہی تھیں۔فلیٹ کے مالک نے خاتون کے خلاف کیس کیا ہوا تھا اور یلف فلیٹ خالی کروانے پہنچا تھا۔ دروازہ کھٹکھٹانے پر اندر سے کوئی جواب نہیں آیا تھاجس پر تالا توڑ کر فلیٹ کے اندر داخل ہوئے تو وہاں اداکارہ کی لاش پڑی تھی۔

ابتدائی تحقیق میں موت کی وجہ کا تعین نہیں ہو سکا تھا۔بعدازاں لاش کو قانونی کارروائی کیلئے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ تاحال کوئی ورثا سامنے نہیں آئے تھے۔پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید نے بھی تصدیق کی تھی کہ لاش شدید گلنے سڑنے کے مرحلے میں تھی لیکن تاہم حیران کن طور پر فلیٹ پر پہنچنے والی ٹیم اور آس پاس رہنے والوں کو لاش کی بو محسوس نہیں ہوئی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلئے تھے۔ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جارہی تھیں۔