ہائیکورٹ نے گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث 2ملزمان کی درخواست ضمانت خارج کر دی

تمام ملزمان ایک گینگ کے طور پر کام کرتے ہیں،ضمانت کے لیے دائر درخواستیں خارج کی جائیں ‘ سرکاری وکیل

بدھ 9 جولائی 2025 17:14

ہائیکورٹ نے گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث 2ملزمان کی درخواست ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث 2ملزمان کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔جسٹس ساجد جاوید گھرال نے ملزم شاہد نواز بھٹی اور سید اطہر شاہ کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ ملزم شاہد نواز بھٹی کی جانب سے ایڈووکیٹ خالد منصور اور ملزم اطہر شاہ کی جانب سے ایڈووکیٹ امجد اقبال نے دلائل دئیے ۔

وکیل نے موقف اپنایا کہ درخواست گزار شاہد نواز بھٹی کا غیر قانونی پیوند کاری سے کوئی تعلق نہیں ہے،درخواست گزار ڈیلائیسز مشین کی خرید و فروخت کا کام کرتا ہے،درخواست گزار مارچ 2024سے زیر حراست ہے،صرف سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آنے پر مقدمہ میں شامل کیا گیا،مقدمہ کے ٹرائل میں بھی بے جا تاخیر کی جا رہی ہے،استدعا ہے کہ عدالت ضمانت منظور کر کے رہا کرنے کا حکم دے۔

(جاری ہے)

دوسرے ملزم کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ملزم سید اطہر شاہ درجہ چہارم کا ملازم ہے،گردوں کی پیوند کاری میں ملزم کا کوئی تعلق نہیں ہے،ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تمام ملزمان ایک گینگ کے طور پر کام کرتے ہیں،ملزمان نے بدر میڈیکل کمپلیکس میں ارم بی بی کے گردوں کی پیوند کاری کی،گردہ دینے والے شخص غلام ہمایوں آپریشن کے ایک ماہ بعد انتقال کر گیا،غلام ہمایوں بھٹہ مزدور تھا جس کے گھر والوں نے پوسٹ مارٹم نہیں کروایا،خاتون کی حالت بھی تشویشناک ہے،ملزم شاہد نواز بھٹی کی جوڈیشل مجسٹریٹ اور سیشن عدالت سے درخواست ضمانت خارج ہو چکی ہے،ملزمان کے خلاف مرنے والے شخص کے بھائی اللہ دتہ کے بیان پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔

استدعا ہے کہ عدالت ملزمان کی ضمانت کے لیے دائر درخواستیں خارج کرے ۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد دونوں ملزمان کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔