حکیم ابنِ سینا روڈکاحال ہی میں مئیر کراچی نے افتتاح کیا تھا، کو محض چند ماہ بعد دوبارہ کھود دیا گیا

بدھ 9 جولائی 2025 17:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء)شہر قائد میں ناظم آباد کے علاقے حکیم ابنِ سینا روڈ جو کہ حال ہی میں 8 جنوری 2025 کو مئیر کراچی مرتضی وہاب نے کروڑوں روپے کی لاگت سے افتتاح کیا تھا، کو محض چند ماہ بعد دوبارہ کھود دیا گیا۔حیران کن طور پر اس اقدام کی اجازت خود بلدیہ عظمی کراچی (KMC) کے انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ نے دی، جس کے سربراہ مئیر کراچی مرتضی وہاب ہی ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق بلدیاتی ادارے نے صرف 11 لاکھ روپے کے چالان کے عوض نئی تعمیر شدہ سڑک کو کاٹنے کی اجازت جاری کی۔چالان کے پوائنٹ نمبر 7 میں واضح طور پر نئی سڑک کو کچے پورشن کے طور پر ظاہر کر کے کاٹنے کی منظوری دی گئی، جو کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔یہ اجازت بلدیہ عظمی کراچی کے میونسپل کمشنر کی منظوری سے دی گئی، جس پر شدید عوامی اور شہری حلقوں کی جانب سے تنقید کی جا رہی ہے۔معاملے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے ناظم آباد تھانے میں غیر قانونی روڈ کٹنگ کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی ہے۔