لاہور میں شیر کے بعد پالتو کتے نے 4 سالہ بچے پر حملہ کردیا، شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل

متاثرہ بچے کے والد نے واقعے کے خلاف اچھرہ تھانے میں پالتو کتے کے مالک انور نامی شخص کے خلاف مقدمہ درج کرادیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 9 جولائی 2025 17:26

لاہور میں شیر کے بعد پالتو کتے نے 4 سالہ بچے پر حملہ کردیا، شدید زخمی ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جولائی 2025ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں شیر کے بعد اب پالتو کتے نے بھی 4 سالہ بچے پر حملہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں اچھرہ کے علاقے میں پالتو کتے نے 4 سالہ بچے کو بھنبھوڑ ڈالا جس کے بعد فواد کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ متاثرہ بچے کے والد نے واقعے کے خلاف اچھرہ تھانے میں انور نامی شخص کے خلاف مقدمہ درج کرادیا۔

اس حوالے سے ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ بیٹا دکان پر جانے کے لیے گھر سے نکلا کہ اس دوران دو آوارہ اور انور نامی شخص کے ایک پالتو کتے نے میرے چار سالہ بچے پر حملہ کردیا اور اس دوران پالتو کتے کا مالک خاموشی سے وہاں کھڑا دیکھتا رہا اور راہگیروں نے میرے بیٹے کی جان بچائی، بچے پر کتے کے حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچہ پانی میں گرا تو اچانک دور کھڑے کتوں میں سے ایک نے بچے پر حملہ کرکے اسے نوچ ڈالا۔

(جاری ہے)

چند روز قبل لاہور کے علاقے جوہرٹاؤن میں واقع شاہ دی کھوئی کے فارم ہاؤس میں موجود شیرنے دیوار پھلانگ کر گلی میں موجود شہریوں پر حملہ کردیا تھا جس میں 2 بچوں سمیت 3 افراد زخمی ہوئے، اس حوالے سے منظر عام پر آنے والی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ شیر فارم ہاؤس کی دیوار پھلانگ کر سڑک پر آیا اور سامنے سے آنے والی خاتون کو زخمی کردیا اس کے علاوہ زخمیوں میں شامل دو بچوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی، تاہم زخمیوں کو فوری طور پر جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔

واقعے سے متعلق پولیس کا کہنا تھا کہ فارم ہاؤس میں رکھے ہوئے شیر کا جنگلہ کھلا رہ گیا تھا، جنگلہ کھلا رہ جانے کی وجہ سے شیر باہر آ گیا اور اچانک فیملی پر جھپٹ پڑ، حملے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جب کہ ترجمان محکمہ وائلڈ لائف اینڈ پارکس نے بتایا کہ لاہور کے علاقہ شاہ دی کھوئی میں ملک اعظم مرتضی عرف شانی نامی ایک شخص نے غیر قانونی اور بنا لائسنس شیر کو اپنے ڈیرے پر رکھا ہوا تھا، اچانک شیر ڈیرے سے باہر آگیا جس کو وہ لے کر موقع پر فرار ہوگیا ۔