قطر باقاعدہ جنگجو ملک نہیں ہے لیکن جواب دینا ناگزیر ہے

قطر پر حملہ کرکے اسرائیل نے تمام حدیں پار کردی ہیں، قطر پہلا خلیجی ملک ہے جس پر اسرائیل نے حملہ کیا، اسرائیل اپنا سرکل آف فائر بڑھاتا جارہا ہے۔ سینیٹر شیری رحمن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 10 ستمبر 2025 21:54

قطر باقاعدہ جنگجو ملک نہیں ہے لیکن جواب دینا ناگزیر ہے
لاہور( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 10 ستمبر 2025ء )پیپلزپارٹی کی رہنماء سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ قطر باقاعدہ جنگجو ملک نہیں ہے، لیکن جواب دینا ناگزیر ہے،قطر پر حملہ کرکے اسرائیل نے تمام حدیں پار کردی ہیں۔ انہوں نے اے آروائی نیو زکے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اسرائیلی ممالک کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، مغربی ایشیاء میں قطر میں سب سے بڑا امریکی ایئربیس ہے، ایک جزیرہ بھی وہاں رکھا ہوا ہے، قطر نے اپنے آپ ایک ثالثی کا محور بنا لیا ہے، یعنی ایک چھوٹے سے ملک نے اپنا تشخص بنارکھا ہے، ایک ثالثی سنٹر بن چکا ہے۔

کہا جاتا ہے کہ امریکا کو بتایا گیا تھاایسا ہونہیں سکتا کہ امریکا کو پتا نہیں ہو۔ اسرائیل اپنا سرکل آف فائر بڑھاتا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

مغربی ایشاء میں 10ممالک ہیں جن پر اسرائیل نے باربار حملے کئے، اب خلیجی ممالک میں قطر پہلا ملک ہے جس پر اسرائیل نے حملہ کیا۔ قطر پر حملہ کرکے اسرائیل نے تمام حدیں پار کردی ہیں۔ کچھ چہ مگوئیاں ہیں کہ قطر کو پتا تھا، جبکہ میں کہنا چاہتی ہوں کوئی بھی ملک اپنے خودمختاری کبھی بھی نہیں بیچتا۔

قطر کی جانب سے جوابی حملہ ایک محدود ہوگا، کیونکہ وہ ایک باقاعدہ جنگجو ملک نہیں ہے، لیکن جواب دینا ناگزیر ہے۔ دوسری جانب پاکستان نے اسرائیل کیخلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست دےدی ہے۔ وزیرخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ سنگین نوعیت کا معاملہ ہے اقوام متحدہ کو اس پر مناسب اقدام اٹھانا چاہیے۔

میڈیا کے مطابق پاکستان نے برادر ملک قطر کے خلاف اسرائیل کی بلااشتعال اور غیرقانونی جارحیت کے پیش نظر الجزائر اور صومالیہ کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی درخواست دی ہے۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ یہ نہایت سنگین نوعیت کا معاملہ ہے، سلامتی کونسل کو اس معاملے پر فوری غور کرتے ہوئے مناسب اقدام اٹھانا چاہیے۔

سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ہر سطح پر برادر ملک قطر اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے، خطے میں امن وسلامتی کیلئے بھرپور کردار ادا کرتا رہےگا۔ دوسری جانب نیوزایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے قطر پر اسرائیل کے حملے کو ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ قطر غزہ میں جنگ بندی اور تمام یرغمالیوں کی رہائی کے لیے نہایت مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔