قطری وزیراعظم کا اسرائیلی حملے کا بھرپور جواب دینے کا اعلان

اسرائیل کا حملہ ریاستی دہشتگردی ہے، قطر اسرائیلی حملے کو کبھی نظر انداز نہیں کرے گا، امریکا نے حملے کا اس وقت بتایا جب اسرائیل بمباری کررہا تھا، قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 10 ستمبر 2025 23:22

قطری وزیراعظم کا اسرائیلی حملے کا بھرپور جواب دینے کا اعلان
دوحہ ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 10 ستمبر 2025ء ) قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے اسرائیلی حملے کا بھرپور جواب دینے کا اعلان کردیا ہے۔ ۔ میڈیا کے مطابق قطری وزیراعظم نے کہا کہ قطر اسرائیلی حملے کو کبھی نظر انداز نہیں کرے گا، اسرائیل کا حملہ ریاستی دہشتگردی ہے۔امریکا نے حملے کا اس وقت بتایا جب اسرائیل بمباری کررہا تھا۔

وال اسٹریٹ کے مطابق اسرائیل نے امریکا کو حملے کی اطلاع چند منٹ قبل دی۔ مزید برآں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے شوریٰ کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے عالمی اقدام بہت ضروری ہے۔عالمی برادری اسرائیلی جارحیت روکنے کیلئے کردار ادا کرے ، قطر پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

غزہ فلسطینی سرزمین ہے اس کے عوام کے حقوق ناقابل تنسیخ ہیں۔

فلسطینی عوام کے حقوق کسی جارحیت سے نہیں چھینے جاسکتے ۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کل قطر روانہ ہوں گے ، سعودی ولی عہد کا دوحہ کا دورہ قطر کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ہوگا۔ مزید برآں سعودی ولی عہد اور وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان کو اردن کے فرماں روا شاہ عبداللہ الثانی کی جانب سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ اس رابطے کے دوران دونوں رہنمائوں نے اسرائیلی جارحانہ حملے اور قطر کی خود مختاری کی صریح خلاف ورزی پر بات چیت کی۔

گفتگو میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ سعودی عرب اور اردن، قطر کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس کی مکمل حمایت کرتے ہیں تاکہ وہ اپنی سلامتی کے تحفظ اور خود مختاری کو برقرار رکھنے کے لیے جو اقدامات کرے ان میں اس کا ساتھ دیا جائے۔ دوسری جانب پاکستان نے اسرائیل کیخلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست دےدی ہے۔ وزیرخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ سنگین نوعیت کا معاملہ ہے اقوام متحدہ کو اس پر مناسب اقدام اٹھانا چاہیے۔

میڈیا کے مطابق پاکستان نے برادر ملک قطر کے خلاف اسرائیل کی بلااشتعال اور غیرقانونی جارحیت کے پیش نظر الجزائر اور صومالیہ کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی درخواست دی ہے۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ یہ نہایت سنگین نوعیت کا معاملہ ہے، سلامتی کونسل کو اس معاملے پر فوری غور کرتے ہوئے مناسب اقدام اٹھانا چاہیے۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ہر سطح پر برادر ملک قطر اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے، خطے میں امن وسلامتی کیلئے بھرپور کردار ادا کرتا رہےگا۔