اسلام رواداری،امن و سلامتی اور احترام انسانیت کا دین ہے،پیر محمد مظہر سعید شاہ

محرم الحرام کے دوران امن و امان قائم رکھنے میں علمائے کرام کا کردار نہایت اہم ہے،وزیر اطلاعات آزاد کشمیر

بدھ 9 جولائی 2025 22:46

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء)وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ اسلام رواداری،امن و سلامتی اور احترام انسانیت کا دین ہے۔ محرم الحرام کے دوران امن و امان قائم رکھنے میں علمائے کرام کا کردار نہایت اہم ہے۔ بین المسالک ہم آہنگی کی فضا برقرار رکھنے کے لئے قومی، ملی اور ملکی حالات و معاملات میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کے اتحاد و اتفاق کی سخت ضرورت ہے۔

تاجدار ختم نبوت، رحمت اللعالمین حضرت محمد مصطفیﷺ پوری کائنات کیلئے انتہائی محترم ہستی ہیں اور مسلمانوں کی ان سے محبت اور اپنا سب کچھ ان پر قربان کیے بغیر ایمان کامل نہیں ہو سکتا۔ہماری جانیں اور کائنات کی تمام تر سلطنتیں رحمت اللعالمین ﷺ کے نعلین مقدس کی نوک پر قربان ہیں۔

(جاری ہے)

رسول اللہ ﷺ ہمارے لیے محبتوں کا محور اور ایمان کا مرکزی نقطہ ہیں۔

آقائے دوجہاں ﷺ سے محبت کا تقاضا ہے کہ انکی اتباع کی جائے اور ان کی سنتوں کو اپنایا جائے۔ آقا ﷺ کی ناموس کے تحفظ کا تقاضا ہے کہ انکی سنتوں کو اپنی زندگیوں میں نافذ کیا جائے۔ وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ ہمیں مسلمان ہونے کے ناطے جس تصور رواداری کو اپنانے کی ضرورت ہے وہ کتاب اللہ اور اسوہ رسول ﷺ میں دیا گیا ہے۔اسلام ہمیں تمام انسانوں کی صحیح رہنمائی کی دعوت دینے کا حکم بھی دیتا ہے تا کہ انسان کو دنیا میں امن و سکون حاصل ہونے کے ساتھ ساتھ آخرت میں بھی پر سکون زندگی نصیب ہو۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ علم کی روشنی سے ہی معاشرے میں پھیلے جہالت کے اندھیروں کو ختم کیا جا سکتا ہے۔