ثمر بلور کا فیصلہ حیران کن نہیں، حاجی غلام احمد بلور آج بھی پارٹی کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں،ایمل ولی

بدھ 9 جولائی 2025 19:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ ثمر ہارون بلور کی جانب سے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ حیران کن نہیں، متعدد ساتھیوں نے پہلے ہی اس امکان سے آگاہ کر دیا تھا،اگر ثمر بی بی کو ایک ایم این اے کی نشست ملی ہے تو وہ صرف شہید بشیر احمد بلور اور شہید ہارون احمد بلور کے لہو کی بدولت ہے۔

باچا خان مرکز پشاورسے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ الحاج غلام احمد بلور نے ساٹھ سال سے زائد سیاسی زندگی میں جو قربانیاں دی ہیں، وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، ایسی عظیم شخصیت اس عمر میں مزید آزمائشوں کی ہرگز حقدار نہیں۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ آج جو فیصلہ سامنے آیا، وہ حاجی صاحب کا نہیں بلکہ عرفان اللہ مروت جیسے فرد کا ہے، جس کی سیاست کا نہ کوئی نظریہ ہے نہ وزن۔

(جاری ہے)

ایمل ولی خان نے کہا کہ آج کا دن ان کے لیے بھاری نہیں، کیونکہ اصل بھاری دن وہ تھے جب انہوں نے شہید بشیر بلور اور شہید ہارون بلور کے جنازے اپنے کندھوں پر اٹھائے۔ ان شہداء کی قربانی، ان کا نظریہ اور ان کی وابستگی آج بھی اے این پی کا اصل سرمایہ ہے۔انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ حوصلہ نہ ہاریں، کیونکہ ایک راستہ بند ہو تو قدرت کئی نئے در وا کرتی ہے۔ بہت جلد پشاور کے حوالے سے خوشخبریاں سننے کو ملیں گی۔ایمل ولی خان نے اعلان کیا کہ شہید ہارون احمد بلور کی برسی کل صبح 11 بجے ان کی قبر پر عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی، اور تمام کارکنان سے بھرپور شرکت کی اپیل کی۔