1530میگاواٹ کے تربیلا پانچویں توسیعی منصوبہ سے 2026 میں بجلی کی پیداوار شروع ہوجائے گی

منصوبہ مکمل ہونے پر تربیلا سے بجلی کی پیداوار 4 ہزار888 میگاواٹ سے بڑھ کر 6 ہزار 418 میگاواٹ ہو جائے گی، وفاقی وزیر برائے آبی وسائل کا تربیلا توسیعی منصوبہ کا دورہ، تعمیراتی پیشرفت کا جائزہ لیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 9 جولائی 2025 20:09

1530میگاواٹ کے تربیلا پانچویں توسیعی منصوبہ سے 2026 میں بجلی کی پیداوار ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 09 جولائی 2025ء ) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل میاں محمد معین وٹو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ترجیحی بنیادوں پر نیشنل گرڈ میں کم لاگت اور ماحول دوست پن بجلی شامل کرنے کیلئے پر عزم ہے، تاکہ بجلی صارفین کو ریلیف ملے اور قومی معیشت کو مستحکم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تربیلا پانچواں توسیعی منصوبے سمیت واپڈا کے زیر تعمیر میگا ہائیڈروپاور پراجیکٹس حکومت کے کم لاگت بجلی پیدا کرنیکے پروگرام کے ترجیحی منصوبے ہیں اور وزارت آبی وسائل ان منصوبوں کی بر وقت تکمیل کیلئے واپڈا کو بھر پور تعاون فراہم کر رہی ہے۔

 
وفاقی وزیر نے ان خیالات کا اظہار 1530 میگاواٹ کے تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کے دورے کے موقع پر کیا۔ چیئر مین واپڈا نوید اصغر چوہدری بھی دورے میں ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

ممبر پاور، ممبر واٹر، جنرل منیجر تربیلا ڈیم پراجیکٹ، جنرل منیجر(پاور) تربیلا، جنرل منیجر/ پراجیکٹ ڈائریکٹر تربیلا پانچواں توسیعی منصوبہ، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے پراجیکٹ منیجرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔

دورے کے موقع پر وفاقی وزیر نے منصوبے کے اہم حصوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ان سائٹس میں پاور ان ٹیک، پین سٹاک، پاور ہاؤس اور کنیکٹنگ ٹنل شامل ہیں۔ وفاقی وزیر کو تمام سائٹس پر بریفنگ دی گئی اور انہیں اہم اہداف کی ٹائم لائن کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ منصوبیکی تمام 7 سائٹس پر تعمیراتی کام تسلی بخش رفتار کے ساتھ جاری ہے جبکہ منصوبے سے بجلی کی پیداوار 2026 میں شیڈول ہے۔

منصوبے پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کر تے ہوئے وفاقی وزیرنے پراجیکٹ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ تربیلا کا پانچواں توسیعی منصوبہ تربیلا ڈیم کی سرنگ نمبر 5 پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ منصوبے کی تعمیر کیلئے ورلڈ بنک 390 ملین ڈالر جبکہ ایشین انفراسٹرکچرانویسٹمنٹ بنک 300 ملین ڈالر مہیا کر رہا ہے۔ منصوبے کی مجموعی پیداواری صلاحیت ایک ہزار 530 میگا واٹ ہے۔ اپنی تکمیل پر یہ منصوبہ نیشنل گرڈ کو ہر سال اوسطاً ایک ارب 34 کروڑ 70 لاکھ یونٹ کم لاگت پن بجلی فراہم کرے گا۔ منصوبہ مکمل ہونے پر تربیلا سے بجلی کی پیداوار 4 ہزار 888 میگاواٹ سے بڑھ کر 6 ہزار 418 میگاواٹ ہو جائے گی۔

متعلقہ عنوان :