کراچی پریس کلب کا یوٹیوب چینلز کی بندش پر اظہار رتشوش

فیصلہ آزادی اظہار کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے ،اعلیٰ عدلیہ نوٹس لے ،فاضل جمیلی ،سہیل افضل خان

بدھ 9 جولائی 2025 20:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء)کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی ،سیکرٹری سہیل افضل خان اور مجلس عاملہ نے اسلام آباد کی ایک مقامی عدالت کی جانب سے 27یوٹیوب چینلز پر مکمل پابندی کو آزادی اظہار کے بنیادی اصولوں کے خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اعلی عدلیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس فیصلے کا نوٹس لے ۔بدھ کو جاری اپنے بیان میں کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے کہا کہ یوٹیوب چینلز کی پابندی کے حوالے سے اسلام آباد کی ایک عدالت کا فیصلہ انتہائی مبہم ہے ایک طرف اعلی عدلیہ آزادی اظہار رائے کی آزادی دیتی ہے تو دوسری جانب مقامی عدالت نے اس پر پابندی عائد کردی ہے اعلی عدلیہ سے اپیل ہے کہ اس کا نوٹس لیا جائے اور اس پابندی کو فی الفور ختم کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں میڈیا انڈسٹری پہلے ہی بحران کا شکار ہے ۔

(جاری ہے)

کئی صحافی بے روزگاری کا شکار ہیں ۔متعدد نے اپنا گھر بار چلانے کے لیے یوٹیوب چینلز کو ذریعہ معاش بنایا ہوا ہے ۔اگر اس طرح کے اقدامات کیے گئے تویہ صحافیوں کے معاشی قتل عام کے مترادف ہوگا ۔کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کے خلاف کیے جانے والے اس فیصلے پر کراچی پریس کلب متاثرہ صحافیوں کے ساتھ کھڑا ہے ۔ہم اعلی عدلیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مقامی عدالت کی جانب سے دیئے جانے والے فیصلے کا ازخود نوٹس لے اور ان چینلز پر سے فوری طور پر پابندی ہٹائی جائے ۔