سیالکوٹ، پراڈکٹ بیسڈ ویبینار کا انعقاد، 70 سے زائد سپورٹس گڈز مینوفیکچررز ایکسپورٹرزکی شرکت

بدھ 9 جولائی 2025 21:20

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) سیالکوٹ میں 70 سے زائد سپورٹس گڈزمینوفیکچررز ر ویٹر ایکسپورٹرز کے ساتھ دنیا کے 13 مختلف ممالک میں موجود امپورٹرز نے آن لائن شرکت کی۔البرکتہ بینک کے زیر اہتمام منعقدہ ویبینار میں البرکتہ صدر محمد عاطف حنیف، چیئرمین سپورٹس ایسوسی ایشن خواجہ مسعود اختر، سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران ناصر بٹ اور دیگر اہم کاروباری شخصیات شریک ہوئیں۔

اس موقع پر صدر البرکتہ بینک محمد عاطف حنیف نے بتایا کہ اس سے قبل بھی سیالکوٹ کے ایکسپورٹرز اور جنوبی افریقہ، مصر اور ترکیہ کے امپورٹرز کے ساتھ ویبینارز کا انعقاد کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک جامع ٹریڈ فنانس پورٹل بھی تشکیل دیا گیا ہے جس میں ہر ایکسپورٹر اور امپورٹر کی مکمل تفصیلات موجود ہیں تاکہ کاروباری روابط مزید مستحکم ہوں۔

(جاری ہے)

چیئرمین سپورٹس ایسوسی ایشن خواجہ مسعود اختر نے ویبینار کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پلیٹ فارم سے سیالکوٹ کے سپورٹس ایکسپورٹرز کیلئے بین الاقوامی تجارت کے نئے دروازے کھلیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی امریکہ، یورپ اور عالمی سطح کے ٹاپ برینڈز میں سیالکوٹ کی مصنوعات کی بڑی مانگ ہے اور اس طرح کے اقدامات مقامی صنعت کو عالمی مارکیٹ سے جوڑنے میں معاون ثابت ہوں گے۔