چیلنجز کے باوجود کاروباری برادری ملک کی خدمت کے لیے پرعزم ہے ، صدر آئی سی سی آئی

ہفتہ 12 جولائی 2025 16:28

چیلنجز کے باوجود کاروباری  برادری ملک کی خدمت کے لیے پرعزم ہے ، صدر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے تاجر برادری کے قومی ترقی کے لیے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مختلف چیلنجز کے باوجود کاروباری افراد ملک کی خدمت کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئی سی سی آئی اپنے وکالت کے کردار کے لیے پوری طرح وقف ہے، جو کاروبار کرنے میں آسانی اور معاشی ترقی کو فروغ دینے کے لیے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان ایک پل کا کام کر رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلڈرز ایسوسی ایشن کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا، فد نے صدر سردار خورشید احمد خان کی قیادت میں چیمبر ہاؤس کا دورہ کیا تاکہ باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا جا سکے اور شعبہ سے متعلق مسائل کو اجاگر کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

صدر ناصر منصور قریشی نے دورہ کرنے والے وفد کو یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی بلڈرز کمیونٹی کو درپیش مسائل کو کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سمیت دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ فعال طور پر اٹھائے گا تاکہ ان کے بروقت حل کو یقینی بنایا جا سکے اور بلڈرز اور ڈویلپرز کو موثر طریقے سے کام کرنے کے لیے سازگار اور معاون ماحول پیدا کرنے میں مدد ملے۔

قبل ازیں، بلڈرز ایسوسی ایشن (H-13) کے صدر سردار خورشید احمد خان نے چیمبر کی قیادت کو بلڈرز کے شعبے کو درپیش اہم چیلنجز بالخصوص سی ڈی اے کے ساتھ ریگولیٹری معاملات بارے آگاہ کیا۔ انہوں نے ایسوسی ایشن کی طرف سے تمام ایس او پیز کی مکمل تعمیل کرنے اور ایک منظم اور شفاف ماحول کی تشکیل کے لیےسی ڈی اے کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے آمادگی کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر عبدالرحمن صدیقی اور نائب صدر ناصر محمود چوہدری نے وفد کو صدر ناصر منصور قریشی کی قیادت میں آئی سی سی آئی کی جانب سے تاجر برادری کی سہولت کے لئے کیے گئے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بلڈرز اور ڈویلپرز کی مدد کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور موثر نمائندگی کے ذریعے ان کے خدشات کو دور کیا جائے گا۔وفد کے اہم ارکان میں بشارت گجر، گلفراز، آفتاب کاظمی، ملک چنگیز، ملک شہباز اور یوسف خٹک شامل تھے۔ اس موقع پر آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبر آفتاب احمد گجر بھی موجود تھے۔