آئی سی سی ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ‘انگلینڈ کے جو روٹ نے بیٹرز میں پہلی پوزیشن کھو دی

جنوبی افریقہ کے ویان مولڈر نے بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ دیا‘ ٹاپ 10 رینکنگ میں کوئی پاکستانی بلے باز شامل نہیں

جمعرات 10 جولائی 2025 11:25

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2025ء)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ جاری کر دی ہے انگلینڈ کے جو روٹ نے بیٹرز میں پہلی پوزیشن کھو دی ہے۔آئی سی سی نے نئی ٹیسٹ پلیئر رینکنگ جاری کر دی ہے۔ انگلینڈ کے جو روٹ نے ٹیسٹ بیٹرز میں پہلی پوزیشن کھو دی ہے جب کہ جنوبی افریقہ کے ویان مولڈر نے بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

بیٹر ٹاپ 10 رینکنگ میں کوئی پاکستانی بلے باز شامل نہیں ہے۔نئی ٹیسٹ پلیئر بیٹر رینکنگ میں جو روٹ سے ان کے ٹیم میٹ ہیری بروک نے پہلی پوزیشن چھینی ہے جب کہ روٹ دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے سابق کپتان کین ولیمسن بدستور تیسرے نمبر پر ہیں۔بیٹر رینکنگ میں پاکستانی بلے بازوں میں سب سے اوپر قومی ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان سعود شکیل دو درجہ تنزلی کے بعد 11 ویں سے 13 ویں نمبر پر پہنچے ہیں۔

(جاری ہے)

وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 21 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔جنوبی افریقہ کے اسٹینڈ ان کپتان ویان مولڈر نے زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں نا قابل شکست 367 رنز کی ریکارڈ ساز اننگز کے بعد تازہ ترین آئی سی سی ٹیسٹ بلے بازوں کی رینکنگ میں بڑی چھلانگ لگائی ہے اور سابق پاکستانی کپتان بابر اعظم کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 23 ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔آئی سی سی ٹیسٹ بولرز رینکنگ میں بھارتی فاسٹ بولر جسپرت بمراہ بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں۔

جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا دوسرے اور آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز تیسرے نمبر پر ہیں۔ٹیسٹ بولرز رینکنگ میں پاکستانی بولرز میں ٹاپ پوزیشن اسپنر نعمان علی کی ہے جنہوں نے اپنی پانچویں پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ پاکستانی اسپنر ساجد خان اور فاسٹ بولرز شاہین شاہ آفریدی ایک ایک درجہ ترقی کر کے بالترتیب 19ویں اور 20 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔