محکمہ لائیو اسٹاک سمبڑیال کی فارمرز کو مرغیوں کو مون سون سے بچانے کی ہدایت

جمعرات 10 جولائی 2025 11:40

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سمبڑیال ڈاکٹر افضل نے پولٹری فارمرز کو مرغیوں کو مون سون سے بچانے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ مرغی پال افراد مون سون کے دوران مرغیوں کو موسمی بیماریوں سے بچانے کےلئے شیڈز کی صفائی، پانی کے سپرے اور شیڈ کو خشک رکھتے ہوئے بارشوں کے باعث فوری احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ مرغیوں کو ہرقسم کی بیماریوں اور موسمی اثرات سے بچانا ممکن ہو سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ بارشوں کی شدت کے باعث مرغیوں میں مختلف بیماریاں پیداہونے کا شدید خدشہ ہوتاہے، اگر شیڈز میں موجودمرغیاں سست، نڈھال ہونے کے ساتھ ساتھ خوراک کم کھائیں اور ان کی چونچ، ناک، آنکھ سے لیس دار مادے کا اخراج محسوس ہو تو یہ رانی کھیت کی بیماری کی علامات ہیں، اگر مرغیاں سبزی مائل پیچش کے علاوہ انڈوں کی پیداوار میں کمی کریں تو یہ سانس کی بیماری کی علامات کاحصہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پولٹری فارمرز فوری طور پر شیڈز کی صفائی یقینی بنائیں اور شیڈ کو خشک رکھیں تاکہ صاف ماحول اور صفائی کے باعث مرغیوں کو بیماریوں سے بچایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ مرغی پال حضرات اور پولٹری فارمرز کسی مسئلہ کی صورت میں فوری قریبی ویٹرنری ہسپتال، ویٹرنری ڈسپنسریز، محکمہ لائیو سٹاک کے موبائل یونٹس اور ماہرین لائیو سٹاک کی خدمات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں محکمہ لائیو سٹاک کی فری ہیلپ لائن سے بھی رہنمائی حاصل کی جاسکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :