سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام میں پوسٹ گریجویٹ ڈگری پروگرامز کے داخلہ ٹیسٹ کا انعقاد، 444 امیدواروں نے شرکت کی

جمعرات 10 جولائی 2025 16:34

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام میں پوسٹ گریجویٹ ڈگری پروگرامز میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں مجموعی طور پر 444 امیدواروں نے شرکت کی۔ داخلہ ٹیسٹ یونیورسٹی کی تمام فیکلٹیز میں منعقد کیے گئے، جن میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کے 39 مختلف پروگرامز شامل تھے۔یونیورسٹی ترجمان کے مطابق ماسٹرز پروگرامز میں 413 جبکہ پی ایچ ڈی کے لیے 31 امیدواروں نے ٹیسٹ میں حصہ لیا۔

فیکلٹی آف سوشل سائنسز میں ماسٹرز کے 91 اور پی ایچ ڈی کے 7، فیکلٹی آف کراپ پروٹیکشن میں ماسٹرز کے 52 اور پی ایچ ڈی کے 8، فیکلٹی آف کراپ پراڈکشن میں ماسٹرز کے 157 اور پی ایچ ڈی کے 8 امیدواروں نے ٹیسٹ میں شرکت کی۔ اسی طرح فیکلٹی آف اینیمل ہسبنڈری اینڈ ویٹرنری سائنسز میں ایم فل کے 94 اور پی ایچ ڈی کے 8 امیدوار جبکہ فیکلٹی آف ایگریکلچرل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں ایم ای کے 19 امیدوار شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سندھ زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے تمام فیکلٹیز میں قائم کردہ ٹیسٹ سینٹرز کا دورہ کیا اور امتحانی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے امیدواروں اور یونیورسٹی انتظامیہ سے تفصیلات حاصل کیں اور ٹیسٹ کے بہتر انتظامات، شفافیت اور سکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کیا۔وائس چانسلر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ زرعی یونیورسٹی کے تمام ڈگری پروگرامز ملکی اور بین الاقوامی منڈی کی ضروریات اور تقاضوں سے ہم آہنگ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے گریجویٹس زرعی ترقی، فوڈ سکیورٹی، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور ضمنی زرعی مصنوعات کے شعبے میں قابل قدر خدمات انجام دے رہے ہیں،خاص طور پر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جدید آئیڈیاز کے فروغ میں یہ نوجوان اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ زراعت ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور وقت کی اہم ضرورت ہے کہ اکیڈمیا، انڈسٹری اور پرائیویٹ سیکٹر کو باہمی اشتراک سے ملکی و عالمی زرعی منڈی تک رسائی دی جائے تاکہ کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی اپنانے کی طرف راغب کیا جا سکے۔اس موقع پر مختلف فیکلٹیز کے ڈینز اور ڈائریکٹر ایڈوانسڈ اسٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر عبدالمبین لودھی بھی وائس چانسلر کے ہمراہ موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :