دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے وفد کا شن جیانگ ایگریکلچر یونیورسٹی چائنا کا دورہ

جمعہ 11 جولائی 2025 13:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) دی یونیورسٹی آف فیصل آباد ہمیشہ سے عالمی سطح پر تعلیمی روابط کو فروغ دینے کیلئے کوشان رہتی ہے لہٰذااسی سلسلہ میں یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر امان اللہ ملک اورفیکلٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر ماجد حسین نے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ ایگر یکلچر یونیورسٹی فیصل آباد اور شن جیانگ ایگریکلچر یونیورسٹی کی پارٹنر یونیورسٹیز کے ہمراہ چائنا کا دورہ کیا۔

اس دورے کے دوران ڈاکٹر امان اللہ ملک اور ڈاکٹر ماجد حسین نے شن جیانگ ایگریکلچر یونیورسٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر جیانگ پنگ اور نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر مینگ می شینگ کے ساتھ میٹنگ کے دوران دونوں تعلیمی اداروں کے درمیان دو طرفہ باہمی تعلیمی روابط کے فروغ کیلئے تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

میٹنگ میں دی یونیورسٹی آف فیصل آباد اور شن جیانگ ایگریکلچر یونیورسٹی کے مابین فیکلٹی ایکسچینج پروگرامز، مصنوعی ذہانت، زرعی ٹیکنالوجی اور موسمیاتی تبدیلی پر مشترکہ تحقیق، طلباکے لیے وظائف اور بین الاقوامی نقل و حرکت کے مواقع، پاک،چین تجارتی فروغ کے لیے تحقیق اور چینی زبان کے کورسز جیسے پروگرامز کے اجراجیسے اقدامات زیر غور آئے۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر امان اللہ ملک اور پروفیسر ڈاکٹر ماجد حسین نے شن جیانگ ایگریکلچر یونیورسٹی میں فیکلٹی ممبران اورپوسٹ گریجوایٹ سٹوڈنٹس کو مختلف موضوعات پر تربیتی لیکچرز بھی دیئے۔ ڈاکٹر امان اللہ ملک نے کہا کہ دونوں اداروں کے مابین اس شراکت داری کا مقصد مضبوط تعلیمی روابط اوربین الاقوامی تعاون کے ذریعے جدت کو فروغ دینا ہے جس سے ہمارے طلبہ و طالبات اور فیکلٹی ممبران استفادہ کر سکیں گے۔